• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر اعظم کی ’انڈیا فرسٹ‘ کو ترجیح دینےکی اپیل

Updated: November 20, 2026, 1:50 PM IST | Agency | New Delhi

نریندر مودی کے مطابق اگلے۲۰؍ برس کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق ہر طویل مدتی فیصلے کی بنیاد انڈیا فرسٹ ہونی چاہئے۔

Prime Minister Narendra Modi delivering an address. Photo: PTI
وزیراعظم نریندر مودی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ہندوستانی صنعت سے اپیل کی کہ وہ طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلوں میں’انڈیا فرسٹ‘ کو رہنما اصول بنائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ صرف ملکی منڈی تک محدود نہ رہیں بلکہ عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو بھی مضبوط بنائیں۔ مودی نے نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کے سالانہ جنرل میٹنگ اور سالانہ کنونشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی نئے مواقع پیدا کر رہی ہے اور ملک کی صنعتوں کو ان سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔فکی کے صد سالہ کنونشن کا موضوع ’بھارت۲۰۴۷ء‘ تھا۔اس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس تنظیم نے گزشتہ ۱۰۰؍ برس کے دوران ہندوستانی صنعت کو کئی اہم سنگ میل عبور کرتے دیکھا ہے لیکن اب زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ ملک کا صنعتی شعبہ آئندہ دو دہائیوں میں کیا کچھ حاصل کر سکتا ہے؟

مودی نے کہاکہ فکی نے اپنے۱۰۰؍ سالہ سفر میں ملک کی صنعت کو بہت کچھ حاصل کرتے دیکھا ہے۔ اب یہ طے کرنے کا وقت ہے کہ ہندوستانی صنعت آئندہ۲۰؍برس میں کیا کچھ حاصل کر سکتی ہے؟انہوں نے صنعتی  لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں میں قومی مفاد کو مرکزی حیثیت دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کئے جانے والے فیصلوں کے ہندوستان کے اقتصادی مستقبل پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اگلے۲۰؍ برس کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق آپ کے ہر طویل مدتی فیصلے کی بنیاد انڈیا فرسٹ ہونی چاہئے۔ اس سے ملک خود کفیل بنے گا اور آپ کے کاروبار کی ترقی کیلئے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر اعظم نے ہندوستانی کاروباری اداروں کو یہ تنبیہ بھی کی کہ وہ ملکی منڈی کو اپنی محفوظ پناہ گاہ نہ سمجھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے وسیع صارفین پر مشتمل بازار سے حاصل ہونے والے اعتماد کو بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی بڑھانے کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے۔  انہوں نے کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا کے مختلف خطوں کے صارفین کی ضروریات اور ترجیحات کو سمجھنے میں سرمایہ کاری کریں۔ان کے خطاب میں اس ضرورت پر زور دیا گیا کہ ہندوستانی کمپنیاں اپنی ملکی طاقت کو عالمی مسابقت کی صلاحیت کے ساتھ جوڑیں، اپنی منڈیوں کا دائرہ وسیع کریں اور سرمایہ کاری کے فیصلوں کو ملک کے طویل مدتی ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کریں۔

یہ بھی پڑھئے: ایمریٹس ۲۰۲۷ء کیلئے دنیا کی بہترین ایئرلائن قرار دی گئی

اس کنونشن میں صنعت کے  لیڈروں، چیف ایگزیکٹیوز، سفیروں، سفارت کاروں اور پالیسی سازوں سمیت۲۵؍سو سے زیادہ مندوبین نے  شرکت کی۔ 

یہ پروگرام ’بھارت۲۰۴۷ء‘کے موضوع کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جو آزادی کی صد سالہ تقریبات تک ملک کے ترقیاتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

فکی کا صدسالہ سفر

فکی ۷؍ اپریل ۲۰۲۷ء کو اپنے قیام کے۱۰۰؍ سال مکمل کرے گی۔۱۹۲۷ء میں قائم ہونے والی فکی نے ایسے وقت میں اپنی جگہ بنائی تھی جب نوآبادیاتی دور میں اقتصادی پالیسی سازی کے عمل میں ہندوستانی کاروباری اداروں کی نمائندگی محدود تھی۔ اس کے بعد یہ ہندوستانی صنعت کے مفادات اور خدشات کی نمائندگی کرنے والے اہم پلیٹ فارمز میں سے ایک بن گئی۔آزادی کے بعد کی دہائیوں میں یہ تنظیم ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی، صنعتی توسیع اور عالمی معیشت کے ساتھ بڑھتے ہوئے انضمام کے عمل سے وابستہ رہی ہے۔ آج فکی سرکاری، نجی اور کثیر قومی شعبوں کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ کمپنیوں کی براہ راست اور۳۰۰؍ سے زائد علاقائی اور ریاستی سطح کی صنعتی انجمنوں کے ذریعے نمائندگی کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK