• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میونسپل انتخابات کیلئے کلیان اورڈومبیولی میں پولیس کا بھاری بندوبست

Updated: January 05, 2026, 10:57 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

ڈی سی پی کی پریس کانفرنس، جدید ترین ڈرون، ایس آر پی ایف پلٹن، سیکڑوں افسران اور ڈیڑھ ہزار ملازمین شہر کے چپے چپے پر نظر رکھیںگے

Scene from DCP Atul Jhende`s press conference
ڈی سی پی اتل جھینڈے کی پریس کانفرنس کا منظر

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کےڈی ایم سی) انتخابات کو پُرامن اور خوف سے پاک ماحول میں منعقد کرانے کیلئے پولیس انتظامیہ نے کمر کس لی ہے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور انتخابی عمل میں کسی بھی ممکنہ خلل کو روکنے کیلئے  زون ۳ ؍ کے ڈی سی پی نے سیکوریٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
 پولیس ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) اتل جھینڈے نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابی ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے اب تک مختلف سطحوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے اب تک  ۹؍لاکھ روپے کی مشتبہ نقدی ضبط کی ہے جبکہ غیر قانونی شراب،منشیات اور مہلک ہتھیاروں کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم میں متعدد ملزمین کو سلاخوں کے پیچھے پہنچایا گیا ہے۔ شرپسند عناصر پر لگام کسنے کے لئے مکوکا ، ایم پی ڈی اے اور مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ۲۵۲۷ ؍افراد کے خلاف احتیاطی کارروائی کی گئی ہے۔ حساس علاقوں پر نظر رکھنے کے لئے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ پورے زون میں ۲۴؍ ڈرون کیمرے تعینات کئےگئے ہیں جو پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے دوران ہر نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔ اس کے علاوہ اب تک ۴؍ کومبنگ آپریشنز اور ۹؍ روٹ مارچ کئے جا چکے ہیں تاکہ شہریوں میں اعتماد پیدا کیا جا سکے۔ سیکوریٹی کے پیش نظر ۱۳۰۱؍ لائسنس یافتہ ہتھیاروں میں سے ۱۱۱۰ ؍کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ۳۱؍ وارڈوں میں کُل  ۴۳۴؍ پولنگ مراکز اور ۱۴۵۷؍ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ای وی ایم کی حفاظت کے لئے ۱۰؍اسٹرانگ روم تیار کئے گئے ہیں جہاں ۲۴ ؍گھنٹے سخت پہرہ رہے گا۔ شہر کو ۴۹ ؍خصوصی پولیس سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں اضافی نفری اور اعلیٰ افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ڈی سی پی اتل جھینڈے نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یامشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم کو دیں۔

dombivli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK