مریضوں کی زندگیوں سے کھلواڑ۔ممبئی اور ڈومبیولی سے بھاری مقدار میں جعلی ادویات کا ذخیرہ برآمد۔
EPAPER
Updated: February 19, 2026, 3:06 PM IST | Ejaz Abduilghani | Dombivali
مریضوں کی زندگیوں سے کھلواڑ۔ممبئی اور ڈومبیولی سے بھاری مقدار میں جعلی ادویات کا ذخیرہ برآمد۔
انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے ایک سنسنی خیز معاملے میں ڈومبیولی کی مانپاڑہ پولیس نے بلڈ پریشر کی معروف دوا Telma AM کی جعلی گولیاں فروخت کرنے والے ایک بڑے بین ریاستی گروہ کو بے نقاب کیا ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران ممبئی اور ڈومبیولی سے دو بڑے دوا فروشوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں جعلی ادویات کا ذخیرہ برآمد کر لیا ہے۔ایف ڈی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ دوائیں نہ صرف غیر معیاری ہیں بلکہ مریض کے لئے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فرانس میں کیوں چلتا ہے شاہ رخ خان کا جادو؟
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مارکیٹ میں ایک نامی گرامی کمپنی کے نام سے ملتی جلتی پیکنگ اور لیبل والی جعلی گولیاں سپلائی کی جا رہی ہیں۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مانپاڑہ پولیس نے ڈومبیولی کی شری رام فارما پر چھاپہ مارا اور اس کے مالک پنکج اپادھیائے کو حراست میں لے لیا۔تفتیش کے دوران ممبئی کے ایک بڑے سپلائر ویک رائے کا نام بھی سامنے آیا جسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ ان ملزمین کے قبضے سے برآمد شدہ اسٹاک بالکل اصل دوا جیسا دکھائی دیتا ہے جس سے عام شہری کے لئے فرق کرنا ناممکن ہے۔محکمہ غذا و ادویات نے ان گولیوں کے نمونوں کی جانچ کے بعد ایک خوفناک انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ جعلی گولیاں انسانی جسم میں جانے کے بعد مقررہ وقت پر حل نہیں ہوتیں۔ بلڈ پریشر کے مریض کو ہنگامی صورتحال میں فوری اثر کرنے والی دوا کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ان گولیوں کے دیر سے اثر کرنے یا اثر نہ کرنے کی وجہ سے مریض کو اچانک دل کا دورہ پڑ سکتا ہے یا وہ برین اسٹروک کا شکار ہو کر مفلوج ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کا اعادہ کیا
پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس کالے دھندے کے تار بہار سے جڑے ہوئے ہیں۔ پولیس اب اس پہلو پر کام کر رہی ہے کہ یہ دوائیں بہار میں کہاں تیار کی جا رہی ہیں اور مہاراشٹر کے کن کن شہروں میں اب تک یہ زہر پہنچایا جا چکا ہے؟ حکام کا ماننا ہے کہ اس ریکٹ میں کئی بڑے ڈسٹری بیوٹر اور سپلائر کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے جن کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔