Inquilab Logo Happiest Places to Work

مختلف علاقوں میں تیزبارش ، ژالہ باری کی پیش گوئی

Updated: May 15, 2025, 10:08 PM IST | Mumbai

کولہاپور، احمد نگر، سانگلی، پونے، ناسک، شولاپور، اورنگ آباد، عثمان آباد، لاتور، ناندیڑ اور ناگپور میں بارش ،ناسک اور ستارا میں گرج چمک اور ژالہ باری کی پیش گوئی

A child crosses the road during heavy rain.
 موسلادھار بارش کے دوران ایک بچہ سڑک سے گزر رہا ہے۔

گزشتہ ۴؍ روز سے ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے  جمعرات کو کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کا انتباہ جاری کیا ہے۔جمعرات کو کوکن کے رائے گڑھ، رتناگیری، کولہاپور، احمد نگر، سانگلی، پونے، ناسک، شولاپور، اورنگ آباد، عثمان آباد، لاتور، ناندیڑ اور ناگپور میں مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش کی پیش گوئی کے مطابق ناسک اور ستارا میں گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ احمد نگر اور پونے میں طوفانی بارش کے سبب اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ کوکن، ودربھ، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے لئے یلو الرٹ کے تحت شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 قبل ازیں بارش کے سبب  بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔ جا بجا درخت اکھڑ گئے تھےجس سے آمد ورفت میں دشواری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین دنوں میں جنوب مغربی مانسون ہواؤں کی آمدورفت متوقع ہے۔ 
 جنوب مغربی مانسون منگل کو انڈمان میں داخل ہوا۔ پیش گوئی کے مطابق، یہ ہوائیں آئندہ ۳؍ دنوں کے دوران جنوبی بحیرہ عرب، مالدیپ، کومورین، جنوبی خلیج بنگال، پورے انڈمان و نکوبار جزائر، بحیرہ انڈمان کے باقی علاقوں اور وسطی بنگال کے کچھ حصوں میں سرگرم ہوں گی۔
 اس دوران محکمہ موسمیات نےجمعرات کو ممبئی، تھانے اور پالگھر اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اندازہ ہے کہ جمعہ کی شام تک بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا جس کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ متعدد علاقوں میں  جمعہ کو دن بھر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
 گزشتہ دو دن سے ممبئی میں بارش کے لئے حالات سازگار ہیں اور پیر سے بدھ تک شہر اور مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعرات کو بارش کے شدت اختیار کرنے کے سبب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کچھ علاقوں میں گرج چمک اور کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔ہواؤں کی رفتار۳۰؍ سے۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اس وقت کوکن اور آس پاس کے علاقوں میں طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ، مغربی بنگال سے جھارکھنڈ، ودربھ، تلنگانہ، رائل سیما، مراٹھواڑہ، کرناٹک اور کیرالا تک کم دباؤ کے علاقوں کی سرگرمی نے ریاست میں بارش کے لئے موافق ماحول بنا دیا ہے۔
 محکمہ موسمیات نےسنیچر کو پیش گوئی کی تھی کہ اس سال۲۷؍ مئی کو کیرالا میں مانسون کی بارش ہوگی۔ جنوبی مغربی مانسون کی نقل و حرکت کے لئے حالات سازگار ہیں اور بارش کی یہ لہر وقت پر کیرالا پہنچنے کی توقع ہے۔ عام طور پر مانسون کی بارش یکم جون کے آس پاس کیرالا میں آتی  ہے لیکن سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ بارش۲۷؍مئی سے۵؍ جون کے درمیان شروع ہو سکتی ہے اور پھر ملک بھر میں آہستہ آہستہ پھیل جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK