Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرو مضافات میں موسلادھار بارش

Updated: June 17, 2025, 1:01 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پروازیں، لوکل اور میٹروسروسیز متاثر۔دیوار اور درخت کی شاخ گرنے سے ۲؍ خواتین اور ایک شخص زخمی، ایک کی حالت نازک۔ آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی

A view of heavy rain on Marine Drive. (Photo: Ashish Rao Jay)
مرین ڈرائیو پر موسلادھاربارش کا منظر۔(تصویر:آشیش را جے)

شہر و مضافات، تھانے اور قرب و جوار کے علاقوں میں اتوار کی رات سے شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو پیر کو دن بھر جاری رہا جس کی وجہ سے نہ صرف سڑکوں پر پانی بھرنے سے ٹریفک متاثر ہوا بلکہ اس سے طیاروں کی پروازیں، لوکل اور میٹرو ٹرینوں کی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے پیر کو کبھی کم کبھی زیادہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی  ہے۔
 اتوار اور پیر کی درمیانی شب دن کے مقابلے زیادہ بارش ہوئی لیکن رات کا وقت ہونے کی وجہ سے عوام زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ تک قلابہ میں ۱۰۰ء۴؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۸۶؍ ملی میٹر اور تھانے میں ۸۶ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی  ۔ اس کے مقابلے پیر کو دن بھر میں شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں ۴۲ء۴؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۶۹ء۶؍ ایم ایم اور تھانے میں ۷۱ء۶؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ دن بھر میں شدید بارش کے سبب بھنڈی بازار، وڈالا، سائن، ایل بی ایس روڈ کرلا، باندرہ، اندھیری، اندھیری سب وے (بند کرنا پڑا)، پوائی، نوی ممبئی، آنند نگر کے نزدیک ممبئی-تھانے روڈاور شیل پھاٹا وغیرہ پر سڑکوں پر پانی بھر جانے سے ٹریفک نظام متاثر ہوا۔
 پیر کو شہر و مضافات میں شارٹ سرکٹ کے ۳؍ واقعات ہوئے جن میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ مختلف مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کے ۳۶؍ حادثات ہوئے جن میں اندھیری (مشرق) میں  تاک پاڑہ پر ایک بڑی شاخ گرنے سے جے بسو (۴۸) زخمی ہوگئے ۔اسی روز عمارتوں اور مکانات کے حصے اور دیوار گرنے کے کُل ۸؍ واقعات ہوئے جن میں سے دوپہرمیں جوگیشوری (مشرق) میں نٹور نگر نمبر ایک میں اسماعیل یوسف کالج کے قریب زیر تعمیر عمارت کا کچھ حصہ گرنے سے اَرلین پال (۵۹) اور سگندھا کدم (۶۳) زخمی ہوگئیں۔  ارلین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
  دیپا مہتا نامی ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا کہ ’’ممبئی سے دہلی جانے والی انڈیگو فلائٹ کی پرواز بارش کی وجہ سے ۲؍ گھنٹوں سے التواء میں ہے۔‘‘
 موسلادھاربارش کی پیش گوئی کی وجہ سے انڈیگو، اسپائس جیٹ اور ایئر انڈیا کمپنیوں نے اپنے مسافروں کو متنبہ کیا کہ زیادہ بارش کے سبب چند پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں ۔
  سینٹرل ریلوے  کےمسافر کنال کدم نے ٹرینوں میں تاخیر کی شکایت کی۔  ایک دیگر مسافر نے کہا کہ ٹرینیں ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ تاخیر سے چل رہی تھیں  ۔
 گھاٹ کوپر تا ورسوا   میٹرو ایک   پر پیر کی دوپہر خدمات اس وقت متاثر ہوئیں جب تیز ہوائوں کی وجہ سے آزاد نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک بڑی پلاسٹک اُڑ کر  اوور ہیڈ وائر پر آگری جسے ہٹا نے تک احتیاطاً  اس لائن پر میٹرو خدمات کچھ وقفے کیلئے روک دی گئی تھیں بعد ازیں  خدمات  بحال ہو گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK