شہر و مضافات میں موسلادھار بارش کے سبب ممبئی کے پولیس کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ممبئی لوکل کی خدمات (سینٹرل اور ہاربر) بری طرح متاثر ہیں۔
EPAPER
Updated: August 19, 2025, 2:17 PM IST | Mumbai
شہر و مضافات میں موسلادھار بارش کے سبب ممبئی کے پولیس کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ممبئی لوکل کی خدمات (سینٹرل اور ہاربر) بری طرح متاثر ہیں۔
پیر سے جاری بارش نے منگل کو شدت اختیار کرلی جس سے شہر و مضافات کے مختلف علاقوں میں پانی بھرنے اور آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سڑکوں اور ریلوے لائن پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کے مسائل کی اطلاع ملنے کے ساتھ ممبئی پولیس کمشنر نے ایڈوائزری جاری کی جس میں شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہیں اور بلا ضرورت سفر بالکل نہ کریں۔ کمشنر نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’گڈ مارننگ ممبئی۔ امید ہے کہ آپ آج متوقع موسلادھار بارش کے پیش نظر حفاظتی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ براہ کرم احتیاط برتیں، صرف ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلیں، اونچی لہر کے دوران ساحل کے قریب نہ جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں آپ ہمیں مدد کیلئے آس پاس پائیں گے۔‘‘ انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر کے دفاتر سے بھی اپیل کی کہ وہ آج ورک فرام ہوم کو ترجیح دیں۔
واضح رہے کہ یہ اپیل اس وقت کی گئی جب رات بھر ہونے والی مسلسل بارش نے نقل و حمل، تعلیم اور معمولات زندگی میں بڑے پیمانے پر خلل ڈالا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (IMD) نے ممبئی اور رائے گڑھ، رتناگیری، ستارا، کولہاپور اور پونے سمیت کئی اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا۔ ریلوے کی اطلاعات کے مطابق سینٹرل اور ہاربر لائنیں متاثر ہیں اور ان پر خدمات پوری طرح معطل ہیں۔ پٹریوں پر پانی بھرجانے کے سبب احتیاطاً قدم اٹھایا گیا ہے۔