• Thu, 19 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشکیلون، اسرائیل:دو ہندوستانی شہریوں پر مبینہ حملہ، ویڈیو وائرل

Updated: February 18, 2026, 10:53 PM IST | Tel Aviv

اسرائیلی پبلک براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق جنوبی اسرائیل کے شہر اشکیلون میں دو ہندوستانی شہریوں پر مبینہ طور پر منصوبہ بند حملہ کیا گیا۔ واقعے کا ویڈیو وائرل ہونے پر ہندوستان میں سیاسی ردِعمل ۔

Indian workers seeking jobs in Israel. Photo: X
اسرائیل میں ملازمت کے خواہشمند ہندوستانی مزدور۔ تصویر: ایکس

اسرائیل کی سرکاری نشریاتی تنظیم اسرائیلی پبلک باڈکاسٹنگ کارپوریشن نے پیر کو اطلاع دی کہ جنوبی اسرائیل کے شہر اشکیلون میں دو ہندوستانی شہریوں پر حملہ کیا گیا۔ نشریات کے مطابق یہ واقعہ ایک ’’پہلے سے سوچا ہوا‘‘ حملہ تھا، تاہم فوری طور پر حملے کے وقت اور مکمل تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔ نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری ویڈیو میں مبینہ طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عوامی پارک میں کم از کم تین افراد کا گروپ دو افراد کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ عبرانی کیپشن میں دعویٰ کیا گیا کہ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر پڑوس میں موجود ہندوستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔اشکیلون تل ابیب سے تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر جنوب میں اور غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

ہندوستان میں سیاسی ردِعمل
بدھ لو کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ کھیڑا نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ وزیر خارجہ کو متاثرہ افراد کی حالت کی تصدیق کرنی چاہیے اور اگر ضرورت ہو تو انہیں مناسب اور مفت طبی سہولت کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ ’’اس نوعیت کا پہلا حملہ نہیں‘‘ ہے اور حکومت کو ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ کھیڑا نے مزید کہا کہ جب حکومت اسرائیل کے ساتھ دوستی کا جشن مناتی ہے اور ہندوستانی مزدوروں کو وہاں بھیجتی ہے تو ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کرنا مناسب نہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جب اسکی حمایت میں ہجوم اکٹھا ہوتا ہے تو جیل میں اسے طاقت ملتی ہے: عمرخالد کی ماں

حکومتی موقف کا انتظار
تاحال ہندوستانی وزارت خارجہ یا اسرائیلی حکام کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔ متاثرہ ہندوستانیوں کی شناخت اور طبی حالت کے بارے میں بھی واضح معلومات جاری نہیں کی گئیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سیکوریٹی کی صورتحال پہلے ہی حساس ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک کام کرنے والے ہندوستانی کارکنوں کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ اور فوری سفارتی اقدامات ضروری ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK