Inquilab Logo

شہراور مضافات میں تیز بارش،کئی جگہ پانی بھرا،ٹریفک نظام متاثر

Updated: September 17, 2022, 9:42 AM IST | Iqbal Ansari and Shahab Ansari | Mumbai

بیسٹ بسوں کے کئی روٹس تبدیل کئے گئے،آئندہ ۴۸؍گھنٹوں میں رک رک کر تیز بارش کی پیشگوئی،تھانے اور کلیان میں بھی شدید بارش ،مکینوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا

Water had accumulated on the roads in many areas of the city due to which the traffic system was disrupted
شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم تھا

: ممبئی میں ایک بار پھر شدید بارش سے سڑکیں زیر آب ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا اور بیسٹ کی چند بسوں کے راستے تبدیل کئے گئے حتیٰ کہ ہندوستان میں نئی شروع کی گئی ’اکاسا ایئر‘ نے اعلان کردیا کہ شدید بارش کے سبب ممبئی سے روانہ ہونے والے اور ممبئی پہنچنے والے ان کے ہوائی جہاز کے اوقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔  دریں اثناء محکمہ موسمیات نے شہر و مضافات میں آئندہ ۴۸؍گھنٹوں کے دوران رک رک کر تیز بارش کی پیشن گوئی بھی کی ہے۔ 
ہوائی جہاز خدمات متاثر
 جمعہ کو ’اکاسا ایئر‘ نے اپنے آفیشیل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ کیا کہ شدید بارش کے سبب ممبئی آنے اور ممبئی سے روانہ ہونے والے ان کے جہازوں کی پرواز متاثر ہوسکتی ہے اس لئے مسافر ان باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سفر کرنے کے متعلق فیصلہ کریں۔
 محکمہ موسمیات نے سنیچر سے آئندہ ۴؍ روز کیلئے برسات سے متعلق جو پیشن گوئی کی ہے اس کے مطابق ممبئی، تھانے اور آس پاس کے اضلاع میں بارش کبھی کم کبھی زیادہ ہوتی رہے گی جس سے ان علاقوں میں موسم ’یلوواچ‘ (موسم پر نگاہ رکھنے کی ضرورت) اور ’اورینج الرٹ‘ کے درمیان بدلتا رہے گا۔اسی طرح بیسٹ نے ٹویٹر کے ذریعہ عوام کو مطلع کیا کہ ’اے ۳۸۳‘ روٹ کی بسوں کو چمبور اسٹیشن اور چمبور ناکہ کے درمیان آر سی چمبورکر مارگ پر ’اے ۳۷۵‘ نمبر بس کے ذریعہ چلایا جارہا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ ساون بازار کے قریب آچاریہ مارگ پر گٹر کا ڈھکن ٹوٹ گیا تھا۔ شدید بارش میں یہاں سے گزرنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا۔ البتہ دوپہر تک اس سروس کو بحال کردیا گیا۔
 جمعہ کو مضافات کے اندھیری، پوائی، گوریگائوں، سانتا کروز اور کھار علاقوں سمیت دیگر متعدد  جگہوںمیں شدید بارش ہوئی۔ جنوبی ممبئی میں جے جے مارگ سے کرافورڈ مارکیٹ کے درمیان، مجگائوں، گھڑپ دیو جیسے علاقوں میں بھی رُک رُک کے بارش ہوتی رہی اور راستوں پر پڑے گڑھوں میں پانی بھر جانے سے راستوں پر گاڑیاں انتہائی سست رفتار سے چل رہی تھیں جس سے متعدد مقامات پر ٹریفک جام ہوا۔ جنوبی ممبئی کی   سمت پر مخدوم علی مہائمیؒ فلائی اوور پر اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ۲؍ الگ الگ گاڑیوں کے بند پڑ جانے سے ان دونوں مقامات پر بھی ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ وڈالا میں ٹریفک جام ہونے کا اثر بھکتی پارک تک گاڑیوں کی آمد ورفت پر پڑا۔ اندھیری اور ملن سب وے  پانی بھرنے سے متاثر تو تھے ہی لیکن ملن سب وے پرسڑک حادثہ ہوجانے سے یہاں ٹریفک کی رفتار مزید دھیمی ہوگئی تھی۔ ملنڈ میں لوک رچنا روڈ پر واقع امبر بلڈنگ کے کمپائونڈ میں گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا تھا۔ممبئی احمدآباد قومی شاہراہ پر وسئی میں سڑک پر پانی جمع ہونے سے یہاں بھی گاڑیاں بہت سست رفتار سے چل رہی تھیں۔
 تھانے میں ۹؍ گھنٹے میں ۹۵؍ ملی میٹر بارش
   تھانے میں تیز بارش کے دوران نالے ابل پڑے تھے جس کے سبب برسات کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا ۔ تھانے کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب ہو گئے  جس سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک یعنی ان ۹؍ گھنٹوں میں تھانے میں ۹۵؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔ اس دوران متعدد مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کی بھی متعدد شکایتیں موصول ہوئیں۔ تیز بارش کے دوران جن علاقوں میں پانی بھر گیا تھا ان میں بھارت گیئر کمپنی کے سامنے ( شیل روڈ)،وندنا ٹاکیز کے اطراف کا علاقہ(تھانے)،سیکٹر نمبر ۵ ، نہرو نگر نمبر ۲؍ ، وارلی پاڑہ اور وسنت اپارٹمنٹ(واگلے اسٹیٹ) اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK