موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رہنے سے لاکھوں مسافروں کو زبردست پریشانی کا اندیشہ۔ کئی طویل مسافتی ٹرینوں کو سی ایس ایم ٹی
کے بجائے دادر اورتھانے تک ہی چلایا جائے گا۔ یکم فروری تا ۲۶؍اپریل یہاں کام جاری رہے گا۔ مسافروں سے ریلوے نے تعاون کی اپیل کی
چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پر مسافروں کی بھیڑ۔ ( فائل فوٹو، انقلاب: شاداب خان)
چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس کی تعمیر نو کےسلسلے میں پلیٹ فارم نمبر۱۶؍ اور ۱۷؍پر یکم فروری سے ۲۶؍اپریل تک ۸۵؍دنوں کے لئے طویل ٹریفک اور پاور بلاک کیا جارہا ہے۔ ٹریفک اور پاوربلاک کا مطلب یہ ہے کہ مذکورہ بالا مدت میں یہاں سے ٹرینوں کی آمدورفت مکمل بند رہے گی اور اوورہیڈ وائر سے بجلی سپلائی منقطع کردی جائے گی ۔اتنا ہی نہیں بلاک کی وجہ سے کئی طویل مسافتی ٹرینوں کو دادر اورتھانے تک ہی چلایا جائے گا۔ اس کی وجہ سےدادر یا تھانے اترکر سی ایس ایم ٹی کی جانب آنے والوں کو لوکل ٹرینوں یا دیگرذرائع سفر کا سہارا لینا ہوگا ۔
اس طویل بلاک کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو زبردست دقتوں کاسامنا کرنا ہوگا۔ مسافروں کو مزید پریشانی اس وجہ سے بھی ہوگی کہ موسم گرما کی تعطیلات شروع ہوجائیں گی، اس کے باوجود کا م جاری رہنے کے سبب یہاں ٹرینوں کی آمدورفت بند رہے گی ۔ جو مسافر پہلے آسانی کےساتھ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس سے ٹرین میں سوار ہوجاتے تھے یا یہاں اتر کر اپنی رہائش گاہ چلے جایا کرتے تھے انہیں دوبارہ اس سہولت کے لئے انتظار کرنا ہوگا ۔ایسے مسافروں کو دادر یا پھر تھانے سے اپنا سفر شروع کرنا ہوگا ۔
بنیادی طور پر یہ تعمیراتی کام’ریل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (آر ایل ڈی اے) کی طرف سے کیا جارہا ہے ۔اس دوران پلیٹ فارم نمبر ۱۶؍اور ۱۷؍ پر گراؤنڈ ورک اور ضروری سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ بلاک کے دوران جب تک کہ کام مکمل نہیں ہو جاتا اور پلیٹ فارمز کو آر ایل ڈی اے کے ذریعے ٹریفک کے حوالے کر دیا جاتا ہے،ٹرینو ں کی آمد ورفت کے لئے ان پلیٹ فارمز کا استعمال نہیں کیا جاسکے گا ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پلیٹ فارم نمبر ۱۶؍ کی توسیع اوردیگرکاموں کے لئے تقریباً ۲؍ ماہ بلاک کیا گیا تھا۔اس وقت بھی کئی ٹرینوں کودادر اورتھانے منتقل بلکہ انہیںمختصر کردیا گیا تھا ۔
وہ میل اورایکسپریس ٹرینیں جودادر
میں ہی ختم کر دی جائیں گی
(۱) ٹرین نمبر ۱۲۱۱۲؍ امراؤتی۔ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس(۲) ٹرین نمبر۱۱۰۰۲؍ بلارشاہ۔ سی ایس ایم ٹی نندی گرام ایکسپریس (۳) ٹرین نمبر۱۲۸۱۰؍ ہاؤڑہ۔ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس (۴) ٹرین نمبر ۱۱۰۲۰؍ بھونیشور۔سی ایس ایم ٹی کونارک ایکسپریس (۵) ٹرین نمبر ۲۲۱۴۴؍ بیدر۔ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس (۶) ٹرین نمبر ۲۲۱۰۸؍لاتور۔ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس(۷) ٹرین نمبر ۲۲۱۲۰؍ مڈگاؤں اور(۸)سی ایس ایم ٹی۔ تیجس ایکسپریس دادر تک ہی چلائی جائے گی اوروہیں سے واپس روانہ کردی جائے گی ۔
اسی طرح تھانے میں ٹرین نمبر ۱۲۱۳۴؍ منگلوروسی ایس ایم ٹی ایکسپریس کو مختصر کردیا جائے گا ۔ کام پورا ہوجانے کےبعد ہی یہ ٹرینیں اپنےسابقہ مقررہ اسٹیشن سی ایس ایم ٹی سے معمول کے مطابق دوبارہ شروع کی جائیں گی۔
ریلوے انتظامیہ نے پریشانی کا
اعتراف کرتے ہوئے فوائد گنوائے
اس طویل ٹریفک ا ورپاور بلا ک کے تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹرسوپنل نیلا نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پرمذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایاکہ’’ کام کئےجانے اورپلیٹ فارم بند رہنے کی وجہ سے مسافروںکو یقیناً پریشانی ہوگی۔ اسی لئےمسافروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے مگرجب پلیٹ فارم کی توسیع ہوجائے گی، لمبائی بڑھ جائے گی، اضافی لائن بچھ جائے گی، سگنل اوراوور ہیڈوائروغیرہ سمیت دیگر ٹیکنیکل کام پورا ہوجائے گا تو آنے والے وقتوں میںسی ایس ایم ٹی کو ورلڈ کلاس ٹرمنس بنانے اورٹرینو ں میں ڈبے بڑھانے میں کافی مدد ملے گی۔اس کاراست فائدہ لاکھوں مسافروں کو ہوگا ۔ ‘‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ بلاک کے لئے منصوبہ بندی اس طرح کی گئی ہے کہ کم سےکم مسافر متاثر ہوں ۔‘‘