دہلی کے سابق رکن اسمبلی اور اس مہم کے مہاراشٹر انچارج ہری شنکر گپتا نے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے
EPAPER
Updated: February 01, 2026, 8:15 AM IST | Mumbai
دہلی کے سابق رکن اسمبلی اور اس مہم کے مہاراشٹر انچارج ہری شنکر گپتا نے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے
کانگریس پارٹی کی تنظیم کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں، کانگریس پارٹی نے ایسے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش شروع کی ہے جو کانگریس کے نظریات، تاریخ، جمہوریت اور آئین پرستی سے واقف ہیں۔ ریاست میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کیلئے ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم شروع کی گئی ہے۔ دہلی کے سابق رکن اسمبلی اور اس مہم کے مہاراشٹر انچارج ہری شنکر گپتا نے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر تلک بھون (پربھا دیوی) میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ہری شنکر گپتا نے مزید کہا کہ ’’اضلاع میں مختلف موضوعات کی بہترین معلومات رکھنے والے بہت سے لوگ ہیں، انہیں کانگریس پارٹی سے جوڑنےکیلئے یہ مہم چلائی گئی ہے۔ اس میں منتخب ہونے والوں کو ریسرچ اینالسٹ، ترجمان اور کانگریس کے سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ پروگرام تین مرحلوں میں منعقد ہوگا اور اس مہم کیلئے آن لائن درخواستیں۱۵؍ فروری تک جمع کرانی ہوں گی جس کے بعد ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
انہوںنے مزید کہا کہ ’’ سینئر کانگریس لیڈروں، صحافیوں، تاریخ دانوں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی ایک کمیٹی درخواستوں کی چھان بین اور امیدواروں کا انٹرویو کرے گی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی حتمی انتخاب کرے گی۔ یہ مہم پورے ملک میں چلائی جا رہی ہے اور اتر پردیش سے۵۵۰؍ اور جموں کشمیر سے۱۰۰؍ افراد نے اس کیلئے رجسٹریشن کرایا ہے۔‘‘
ہری شنکر گپتا نے یہ بھی کہا کہ جھارکھنڈ اور ادیشہ کی ریاستوں سے اچھا رسپانس مل رہا ہے۔
اس وقت ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان اتل لونڈھے اور ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش راجہ ہنس موجود تھے۔اس وقت سینئر ترجمان اتل لونڈھے نے کہا کہ بہت سے لوگ سیاست میں آنا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس ذرائع نہیں ہیں۔ کانگریس پارٹی سماج میں باصلاحیت افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست کے تمام ۶؍حلقوں میں جلد ہی پریس کانفرنس منعقد کرنے اور اس پروگرام کے بارے میں معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اکنامک سروے پر ایک سوال کے جواب میں اتل لونڈھے نے کہا کہ ہم مسلسل کہہ رہے ہیں کہ ملک کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، اس اکنامک سروے میں یہی کہا گیا ہے۔ میک ان انڈیا ناکام ہو گیا ہے، درآمدات بڑھ گئی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومتوں نے مرکز سے زیادہ قرض لیا ہے اور اس قرض کی ادائیگی کے لیے انہیں دوبارہ قرض لینا پڑ رہا ہے۔ اتل لونڈے نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں پر خرچ کو روکنا ہوگا۔