Inquilab Logo

مکہ مکرمہ میں موسلادھار بارش، پانی کی نکاسی کا انتظام

Updated: April 12, 2023, 1:40 PM IST | Mecca

حرم مکی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ۲؍سو سے زیادہ انچارج اور۴؍ہزار صفائی کارکن مامور

Pilgrims of old age are also seen during the rains in Makkah. (Photo: SPA)
مکہ مکرمہ میں بارش کے دوران جا بجا عمر ہ زائرین بھی نظر آرہےہیں۔ ( تصویر : ایس پی اے )

ان دنوں مکہ مکرمہ شہر میں  بارش ہو رہی ہے  ۔ آئندہ بھی ۱۰؍ روز تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
  میڈیا رپورٹس کےمطابق منگل کو مکہ مکر مہ شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی جس  کے نتیجے میں  سڑکوں  پرپانی جمع ہوگیا۔ مزید بارش کے پیش نظر مکہ مکرمہ شہر میں مختلف مقامات پر میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں پانی کی نکاسی کیلئے تمام نشیبی مقامات، سڑکوں اور چوراہوں پر مامور ہیں۔ مشینوں سے سڑکوں اور محلوں میں جمع پانی  صاف کیا جا رہا ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ۲؍ہزار ۵؍ سو سے زیادہ چھوٹی بڑی  گاڑیاں بارش کا پانی  نکالنے اورکوڑا کرکٹ اٹھانے میں استعمال کی جارہی ہیں۔
   قبل ازیں پیر کو  حرم مکی میں بارش کے بعد پانی خشک کرنے کیلئے حرمین شریفین انتظامیہ کے تحت  ہنگامی امور اور امن و سلامتی کے محافظ ادارے کی ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے۔حرمین شریفین انتظامیہ نے حرم مکی میں  ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ۲؍سو سے زیادہ انچارج  اور۴؍ہزار صفائی کارکن مامور کئے  ہیں جبکہ  کارکنوںکو صفائی کیلئے ۵۰۰ ؍سے زیادہ گاڑیاں بھی دی گئی ہیں۔
  حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر  عبدا لرحمٰن السدیس نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہےکہ وہ   ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں ۔  زیادہ بارش کی صورت میں پانی نکالنے اور اسے خشک کرنے کا انتظام کریں  ۔ اس سلسلےمیں تمام ٹیمیں مستعد رہیں۔
   ادھر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ۱۰؍ روز تک مکہ مکرمہ منطقہ میں بارش ہوگی جس کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر اقدام کرنے کی ضرورت ہے ۔ عوام سے احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیا ت   نے گر د کے طوفان  اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے مطابق مکہ مکرمہ منطقہ کے آس پا س بھی بارش ہوگی ۔

mecca Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK