Inquilab Logo

دوران حج شدید گرمی کا انتباہ،عازمین حج سے احتیاط کی اپیل

Updated: June 27, 2023, 10:46 AM IST | Riyadh

مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کے درجۂ حرارت میں اضافہ ، بیک وقت ۴؍ مقامات کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۶؍ ڈگری جبکہ کم از کم درجۂ حرارت ۳۲؍ ڈگری سعودی وزارت صحت کی جانب سے عازمین حج کیلئے ہدایات ،گرم لہروں سے بیمار ہونے کی صورت میں علاج معالجہ کاخصوصی انتظام ، دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری کے استعمال پر زور

In order to reduce the intensity of heat, water is being sprinkled in this way. (Photo: SPA)
گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے منیٰ میں کچھ ا س طرح جابجا پانی کا چھڑ کا ؤ کیاجارہا ہے۔ ( تصویر : ایس پی اے)

 دوران حج  شدید گرمی کا انتباہ  جاری کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر  عازمین  حج سے احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔ دریں اثنا ء  درجۂ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ 
 خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پیر کو سعودی عرب کے  موسمیات کے قومی مرکز  نے بتایا کہ  اتوار کے مقابلے میں پیر کو  مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کا درجۂ حرارت  بڑھ گیا   ۔ بیک  وقت  ۴؍ مقامات مکہ مکرمہ ، منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کا زیادہ سے زیادہ  درجۂ حرارت ۴۶؍ ڈگری جبکہ کم از کم درجۂ حرارت ۳۲؍ ڈگری   ریکا رڈ کیا گیا  ۔ ان مقامات پر   پیر کو ہوا  میں رطوبت  ۳۵؍ درج کی گئی  جس سے شدید گرمی محسوس کی گئی اور   عازمین کو دشواری ہوئی ۔  
  دریں اثناء منیٰ میں   عازمین حج کو گرمی سے بچانے کیلئے جابجا پھوارے لگائے گئے جس سےمسلسل  پانی نکلتا رہتا ہے۔  سعودی وزارت حج اور عمرہ کے مطابق اس طریقے سے ۷-۵؍  ڈگری درجۂ حرارت میں کمی آتی ہے۔ 
     اسی دوران  سعودی وزارت صحت کی جانب سے عازمین حج کو گرمی سے بچانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ۔  خاص بات یہ ہےکہ گرم لہروں سے بیمار ہونے کی صورت میں علاج معالجہ کاخصوصی انتظام کیا گیاہے۔ دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری کے استعمال  پر زور   دیا گیا  ہے۔ ایس پی اے نے پیر کو وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ  رواں حج سیزن ۱۴۴۴ھ کی گرمی  عازمین  حج کیلئے  خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کے پیش نظر احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ درجۂ حرارت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔    وزارت صحت کا کہناتھا ،’’ گرمی کے پیش نظر دھوپ سے بچنے  کیلئے لازماً  چھتری کاسہار ا لیاجا ئے ۔  مشروبات کا زیادہ سے زیادہ  استعمال کیا جائے ۔ محنت کا کوئی ایسا کام نہ کیاجائے جس سے توانائی ضائع ہو اور پسینہ نکلے ۔ وزارت صحت کے مطابق گرمی سے بچنے سے متعلق ہدایات پر عمل کرکے گرم لہروں سے بچا جاسکتا ہے۔ 
 دریں اثنا ء سعودی وزار ت صحت کی جانب سے گرمی سے متاثر ہونے والے  عازمین حج  کے علاج  معالجہ کے بارے میں بتایا گیا کہ سورج کی کرنوں سے متاثر ہونے والے عازمین حج کے ہنگامی علاج معالجہ کیلئے  ۲۱۷؍ بیڈ کا انتظام کیا گیا  ہے جن میں سے ۱۶۶؍ بیڈ کا انتظام منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کےا سپتالوں میں کیا گیا ہے جبکہ ۵۱؍ بیڈ کا انتظام مکہ مکرمہ میں کیا گیا ہے۔  

mecca Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK