Inquilab Logo

شہر اور اطراف میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش

Updated: August 11, 2022, 9:19 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کئی مقامات پر درخت گرنے کی شکایت، قلابہ میں یک منزلہ مکان منہدم ، ۲؍ زخمی،تھانے میںٹیرس سے شیڈمکان پر گرا

Many places were flooded due to heavy rain (PTI)
تیز بارش کی وجہ سےکئی مقامات پر پانی بھی بھر گیا تھا(پی ٹی آئی)

منگل کی رات ممبئی اور تھانےکےمتعدد علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بدھ کوطوفانی ہواؤں کےساتھ رک رک کرتیز بارش ہونےکاسلسلہ جاری رہا۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانےکیلئےمنگل کو اورینج اور بدھ کو یلو الرٹ جاری کیاتھا۔مسلسل بارش کےسبب تعمیرات کاحصہ اور درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔قلابہ میں ایک منزلہ مکان منہدم ہو گیا جس میں ۲؍ افراد زخمی ہوئے گئے۔اس دوران تھانے میں ۴؍ منزلہ عمارت کی ٹیرس پرلگائی گئی لوہے کی شیٹ اینگل سمیت قریب میں واقع ایک منزلہ مکان پر گر گئی۔خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔تیز بارش کے سبب متعدد نشیبی علاقوںمیںکچھ وقت کیلئےپانی بھرگیا تھا۔محکمہ موسمیات نے ۱۱؍ تا ۱۴؍ اگست ممبئی اور تھانے کیلئے گرین الرٹ جاری کیا ہےیعنی اس دوران کچھ مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں ۱۰؍ ملی میٹر، سانتاکروز میں ۳۷؍ اور تھانے میں ۴؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
کف پریڈ میں ایک منزلہ مکان منہدم
 بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے  حاصل کی گئی اطلاعات کےمطابق مسلسل بارش کے دوران کف پریڈ( قلابہ ) میںگیتا نگر میں ہنومان مندرکے قریب ایک منزلہ مکان منہدم ہو گیا۔ اس حادثہ میں  ۲؍افراد زخمی ہوئےجنہیں علاج کیلئے سرجےجےاسپتال داخل کیا گیا ہے۔ دونوں زخمیوںکی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں انجولا گپتا(۴۰) اور ریتیش گپتا(۱۲) شامل ہیں۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم جائے حادثے پر پہنچی اور راحتی کام شروع کر دیا ۔
 گزشتہ ۲۴؍گھنٹے میں میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو تعمیرات کا حصہ منہدم ہونے کی کل ۳؍ شکایتیں موصول ہوئیں جن میں شہر ، مشرقی اور مغربی مضافات کی ایک ایک شکایت شامل ہے۔
درخت اور شاخیں گرنے کی ۴۳؍ شکایتیں
 بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے (۹؍ اگست کی صبح ۸؍ بجے تا ۱۰؍اگست کی صبح ۸؍بجے) میں شہر میں ۸، مشرقی مضافات میں ۱۷؍ اور مغربی مضافات میں ۱۸؍ اس طرح کل  ۴۳؍مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کی شکایتیںموصول ہوئیں۔ ان میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اسی دوران تھانے شہر میں ۲۵؍ مقامات پر درخت یا شاخیں گرنے کی شکایتیں موصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ طوفانی ہواؤں کے سبب ۲؍ مقامات پر میٹل شیٹ گرنے کی بھی شکایتیں ملی ہیں۔
لوہے کا  شیڈ ٹیرس سے مکان پر گرا
 تھانے کے کاسر وڈولی علاقےمیںجامع مسجدکے قریب ۴؍ منزلہ بھویئر سدن کے ٹیرس پر لگایا گیا لوہے کا شیڈ ( پترا) طوفانی ہواؤں کا سامنا نہیں کر سکا اور ٹیرس سے  نیچے گر گیا۔ یہ شیڈ قریب واقع ایک منزلہ مکان ساجدہ منزل پر گرا جس کے سبب اس کا سیمنٹ کا پترا ٹوٹ گیا۔ اطلاع ملتے ہی میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم ،ماجھی واڑہ وارڈ کمیٹی کے انجینئر اور میونسپل افسران جائے حادثہ پرپہنچے اور شیڈ کو ہٹایا گیا ۔اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
تھانے سپرنٹنڈنٹ آفس میں شاخیں گریں
  میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق بدھ کی صبح ۱۰؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر تھانے دیہی پولیس کے سپرنٹنڈنٹ آفس  کے احاطے میں ایک درخت کی چند شاخیں گر گئیں۔ اس  حادثہ کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم پہنچی اور شاخوں کو وہاں سے ہٹایا ۔
 شیل پھاٹا میں واقع سابق رکن اسمبلی سبھاش بھو ئیر کے بنگلہ کے احاطے میں بھی ایک درخت گرا ہے جسے فوراً ہٹا لیا گیا۔
موٹر سائیکل میں آتشزدگی
 ممبرامیںواقع سیلیش نگرمیں بلڈنگ نمبر ۲۵؍ کے قریب کھڑی ایکٹیوا موٹرسائیکل ( نمبر: ایم ایچ ۰۴/جے سی ۵۲۵۶) میں آگ لگ گئی تھی۔ اطلاع ملتےہی  فائر عملہ جائے حادثے پر پہنچا اورآگ بجھائی۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK