• Sun, 01 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونیترا پوار مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیراعلیٰ

Updated: February 01, 2026, 7:59 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شوہرا جیت پوار کے انتقال کے چوتھے دن اُن کی جگہ سنبھال لی، راج بھون میں حلف برداری،اقلیتی امور اور اوقاف کے ساتھ ہی ایکسائز اور اسپورٹس کا قلمدان سونپا گیا

Sunitra Pawar signing the papers after taking oath. (Photo: PTI)
حلف برداری کے بعد سونیترا پوار کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

طیارہ حادثہ میں بدھ کو  این سی پی  صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ    اجیت پوار کی موت کے ۳؍ روز بعد سنیچر کو  ان کی بیوہ سونیترا اجیت پوار (۶۲)نے  ان کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ انہوں نے ملبارہل میں واقع راج بھون  میں ایک سادہ سی تقریب میں  بطور نائب وزیر اعلیٰ  عہدہ کا حلف لیا اور  مہاراشٹر میں  اس عہدہ پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن گئیں۔اس سے قبل انہیں این سی پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر چن لیاگیا۔  حلف برداری کے بعد اقلیتی امور اور اوقاف، ایکسائز اور اسپورٹس  کے  قلمدان ان کے حصے میں آئے ہیں۔حالانکہ اجیت پوار کے پاس خزانہ کا بھی قلمدان تھا لیکن  فی الحال   یہ قلمدان وزیر اعلیٰ فرنویس  اپنے پاس ہی  رکھیں گے ۔  اپنے شوہر کی حاثاتی موت   کے غم سے نڈھال خاتون کی جلد بازی میں کرائی گئی اس حلف برداری پر سوا ل بھی اٹھ رہے ہیں۔ بطور نائب وزیر اعلیٰ حلف لینے سے قبل سونیترا نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔ اب  انہیں ۶؍ ماہ میں مہاراشٹر اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں سے کسی ایک کی رکنیت حاصل کرنی ہوگی۔امید ہے کہ وہ اپنے شوہر اجیت  پوار کے اسمبلی حلقہ سے بلامقابلہ منتخب ہوجائیں گی۔
  حلف برداری سے قبل ودھان بھون میں این سی پی (اجیت)  کے سینئر لیڈر اور اراکین اسمبلی کی  میٹنگ ہوئی ۔ وہاں سونیترا کو گروپ لیڈر منتخب کیا گیا۔ ان کا نام پارٹی کے سینئر لیڈر دلیپ ولسے پاٹل نے تجویز کیا جس کی تائید چھگن بھجبل نے کی۔  میٹنگ سے قبل سونیترا پوار نے اسمبلی میں  اپنے شوہر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔   واضح  طور پر نظر آرہاتھا کہ اس وقت ان کیلئے اپنے جذبات پر قابو رکھنا کتنا مشکل تھا۔ 
  اس کے بعد  شام ۵؍ بجے راج بھون میں ان کی حلف برداری عمل میں آئی۔     نائب وزیر اعلیٰ  کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے بعد سونیترا پوار نے کہا کہ وہ آنجہانی اجیت پوار ( جنہیں لوگ اجیت دادا کہتے تھے)کی عوامی خدمت کی  وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئےمہاراشٹرا کی خدمت  کریں گی۔ اس مو قع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور مہا یوتی کے دیگر اہم لیڈر موجود تھے۔
  سونیترا پوارنے کہا کہ اجیت دادا نے کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں اور سماج کے پسماندہ طبقات کیلئے  جینے کا منتر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ  اپنے آنجہانی شہور کے خیالات اور کام کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے اور شیو، شاہو، پھلے، امبیڈکر کے خیالات پر یقین رکھتے ہوئے اس ذمہ داری کو فرض کے احساس کے ساتھ قبول کر رہی ہیں۔
  سونیترا پوار نے کہاکہ اجیت دادا کےاچانک انتقال نے نہ صرف ان کی ذاتی زندگی میں بلکہ پورے مہاراشٹر کے دلوں پر دکھ کا ایک بہت  پہاڑ ڈھایا ہے۔   انہوں  نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے  اس یقین کا اظہار کیا کہ  انصاف اور مساوات پر مبنی ترقی یافتہ مہاراشٹر کا جو خواب    اجیت پوار نے دیکھا تھا  اس کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے وہ  غیر متزلزل ایمانداری اور شفافیت  کے ساتھ عوامی  خدمت کے  کام کرتی رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ’’مہاراشٹر کے عوام کی طرف سے دیا گیا پیار، بھروسہ اور حمایت اس مشکل وقت میں میری سب سے بڑی طاقت ہے۔ اپنے ایمان کی طاقت پر میں اپنے دادا کے خیالات کو نئی امید اور نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھاتی رہوں گی۔‘‘  
 وزیر اعظم  مودی نے سونیترا  پوار کو مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ بننے پر ایکس پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’سونیترا پوار جی کیلئے نیک خواہشات، جو مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی مدت کا آغاز کر رہی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک محنت کریں گی اور آنجہانی اجیت  پوار کے خواب کو آگے بڑھائیں گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK