Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتناگیری، رائے گڑھ اور سندھو درگ میں شدید بارش کی پیش گوئی

Updated: June 22, 2025, 11:23 AM IST | Mumbai

ناسک میں گوداوری اور دیگر ندیوں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ڈیموں میں بھی پانی جمع ہو رہا ہے۔

People crossing the road during the rain. Photo: INN.
بارش کےد وران لوگ سڑک سے گزررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

مہاراشٹر کے متعدد اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سنیچر کو کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ والے علاقوں میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بالخصوص رتناگیری، رائے گڑھ اور سندھودرگ اضلاع میں بارش کی شدت کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پونے میں بھی یہی الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق، رتناگیری میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں (۲۰؍جون کی صبح تک) کے دوران سب سے زیادہ۴۱ء۷؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تھانے اور پال گھر میں ۴۱ء۶؍ ملی میٹر، رائے گڑھ میں ۴۰ء۱؍ ملی میٹر جبکہ ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں ۳۱ء۷؍ملی میٹر بارش ہوئی۔ شدید بارش کے باعث کھیڈ اور داپولی میں کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں۔ بورگھر ناٹوچنچوالی سڑک بھی پانی میں ڈوب گئی جبکہ چنچگر کوریگاؤں بھیروی روڈ زیر آب رہا۔ نیشنل ہائی وے۱۶۶؍ پر مٹی کھسکنے سے ٹریفک متاثر ہوا لیکن بعد میں ملبہ ہٹانے کے بعد راستہ کھول دیا گیا۔ وسطی مہاراشٹر کے گھاٹی علاقوں جیسے پونے، ستارا اور ناسک کے لئے۲۳؍ اور۲۴؍ جون کو شدید بارش کا الرٹ دیا گیا ہے جس پر شہریوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ کچھ علاقوں میں یلو الرٹ بھی نافذ کیا گیا ہے۔ اگرچہ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے بعض اضلاع میں ۲۱؍ جون کو بارش متوقع ہے لیکن۲۲؍ جون کے بعد وہاں بارش کی شدت میں کمی آئے گی۔ ناندیڑ، پربھنی اور ہنگولی وغیرہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 
محکمہ موسمیات اور اوشن انفارمیشن سروس سینٹر نے چھوٹی کشتیوں کو سمندر میں نہ لے جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی، دریا کے کناروں پر آباد دیہاتوں کو سیلاب کے ممکنہ خطرے کے باعث الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ناسک میں گوداوری اور دیگر ندیوں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ڈیموں میں بھی پانی جمع ہو رہا ہے۔ رائے گڑھ میں جگ بوڈی ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ دیگر ندیوں میں بھی بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ نشیبی علاقوں کے باشندوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK