Inquilab Logo

ممبئی اور مضافات میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیرآب، ۵؍درخت گرے

Updated: October 16, 2020, 9:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

دس سال بعد اکتوبر میں ہونے والی بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ممبئی سینٹرل پرواقع آرچڈ انکلیو میں بجلی گرنے سے افراتفری، کار کو نقصان پہنچا ، ۱۴؍مقامات پر شارٹ سرکٹ کے معاملات

Mumbai Rain - PIC : PTI
ممبئی بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ممبئی سمیت مہاراشٹر میں عموماً مانسون کا موسم ستمبر میں ختم ہوجاتاہے مگر امسال اکتوبرمیں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ اور جمعر ات کی نصف شب سے ممبئی اور مضافات میں جاری طوفانی بارش  سےمتعدد علاقے زیر آب اور کچھ مقامات پر بجلی گرنے سے نقصانات  ہوئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں کئی مقامات پر درخت گرنے اور کچھ جگہوں پر شارٹ سرکٹ کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔  مذکورہ بارش نے اکتوبر کےمہینے میں ہونے والی بارش کا ۱۰؍سال پرانا ریکارڈ توڑدیا۔ محکمہ ٔ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کو بھی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ممبئی ، تھانے ، پال گھر اورکوکن کے علاقے میں ریڈالرٹ جاری کیاہے۔  
 جمعرات کوہونےوالی موسلادھار بارش  سے جہاں ممبئی کے متعدد نشینی علاقوں مثلاً پریل ،لال باغ اور ممبئی سینٹرل وغیرہ میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثررہا۔ وہیں گھن گرج کے ساتھ  تیز بارش کے ساتھ چلنےوالی طوفانی  ہواؤں  سے کئی چھتوں پر پڑی تال پتری اُڑ گئی ۔  زوردار آواز کے ساتھ چمکنے والی بجلی  سے ڈر وخوف کا ماحول پیدا ہوگیاتھا۔
بیلاسس روڈ پر بجلی گری 
  جمعرات کی دوپہر۴؍بجے ہونےوالی تیز بارش کے درمیان  بیلاسس روڈ پر واقع سٹی سینٹر ، آرچڈ انکلیو کے پانچویں منزل کے  گارڈن میں گرنےوالی بجلی سے جائے وقوع پر گڑھا ہوگیا۔ بجلی کی شدت سے یہاں  رکھے  ہوئے گملے ہوامیں اُڑکر بوستان اپارٹمنٹ کے احاطے میں جاکر گرے جس  سے یہاں کھڑی ایک  کار کا شیشہ چورچور ہوگیا۔ یہ تو اچھا ہواکہ یہاں کھیل رہے بچوںاور راہگیروںکو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔  بوستان اپارٹمنٹ میں رہائش پزیر محمدبھائی نے انقلاب کو بتایاکہ بجلی گرنے سے پوری بلڈنگ میں افراتفری کا ماحول پیداہوگیاتھا۔اس واقعہ میں کوئی زخمی تونہیں ہوا مگر  یہاں پارک کی گئی  ایک گاڑی کونقصان پہنچا ہے ۔ اس کےعلاوہ جہاں بجلی گری ہے وہاں کی زمین دھنس گئی ہے ۔‘‘
ریکارڈ توڑ بارش 
 محکمہ ٔموسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایس ہوسلیکر کےمطابق ’’ بدھ کی شب  سے ممبئی اور مضافات میں ہونے والی  موسلادھاربارش کا سلسلہ جمعرات کوبھی اسی طرح جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالخصوص شام اوررات کو تیز بارش ہوسکتی ہے ۔جمعرات کو ہونےوالی بارش سےممبئی کےکئی علاقوںمیں جمع ہونےوالے پانی سے راہگیروںکو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔‘‘ دھیان رہے کہ ۲۰۱۲ءمیں اکتوبرکےمہینے میں ۱۹۷ء۷۰؍ایم ایم بارش کا ریکارڈ  درج کیا گیا تھا۔ اس کے ٹھیک ۱۰؍سال بعد اکتوبر ۲۰۲۰ء میں  ۱۴۴ء۸۰؍ ایم ایم بارش نے یہ ریکارڈ توڑدیاہے۔بدھ اور جمعرات کو زبردست بارش کا اثر ہے   پوائی جھیل بھی چھلک گئی ۔  دیگر جھیلوں کے ذخیرہ آب میں بھی خاطر خواہ اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ 
دو مکانات کا حصہ منہدم، ۵؍درخت گرے
بی ایم سی ڈساسٹر مینجمنٹ کےمطابق بدھ کی صبح ۸؍بجے سے جمعرات کی صبح ۸؍بجے کے درمیان قلابہ میں۱۱۵ء۸۰؍ایم ایم اور سانتاکروزمیں ۸۶ء۵۰؍ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران ۲؍مکان کا حصہ منہدم ہونے کی اطلاع ملی ہے جس میں کوئی زخمی نہیںہواہے ۔ ۵؍درخت منہدم  اور ۱۴؍مقامات پر شارٹ سرکٹ ہواہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK