Inquilab Logo Happiest Places to Work

مضافاتی علاقوں میں موسلادھاربارش،سڑکیں زیرآب ،معمولاتِ زندگی متاثر

Updated: July 16, 2025, 10:26 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

محکمہ موسمیات بے خبر، ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ منگل کو یلو الرٹ جاری کرتے ہی بارش تھم گئی۔ درجہ حرارت میں کمی سے عوام کو راحت

School children and pedestrians cross a flooded road. (Photo: PTI)
اسکولی بچے اور راہ گیر ایک زیرآب سڑک سے گزرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 منگل کی صبح سے مضافات کے کئی علاقوں میں زوردار بارش ہوئی جس کے سبب معمولات زندگی متاثر ہوئی اور صبح صبح کام پر جانے والوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات شہریوں کو بارش سے بروقت آگاہ کرنے میں ناکام رہا   اورمنگل کو دوپہر میں جب اس کی جانب سے اورینج الرٹ جاری کیا گیا تب سے بارش کا زور کم ہونے لگا   اور کچھ وقفہ بعد زیادہ تر علاقوں میں بارش بھی تھم گئی  ۔ البتہ   اچانک بارش سے ممبئی و اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوگیا اور لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔
 محکمہ موسمیات نے بدھ کو ممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ اور رتنا گیری سمیت دیگر علاقوں میں اوسط بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
 منگل کی صبح سے ممبئی کے مضافاتی علاقوں اور تھانے میں زور دار بارش ہوئی جس کے مقابلے جنوبی ممبئی میں دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کے باوجود معمولی بارش ہوئی۔ منگل کو صبح ۸؍ بجے سے شام ۵؍ بجے کے درمیان سانتا رکروز میں ۵۴ء۲؍ ملی میٹر اور تھانے میں ۲۷ء۸؍ ملی میٹر جبکہ قلابہ میں محض ۴ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 بارش کے سبب تھانے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۸؍ ڈگری، سانتا کروز میں ۲۹ء۶؍ ڈگری اور قلابہ میں ۲۸ء۶؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
 منگل کی صبح سے اندھیری، ولے پارلے، سانتا کروز، کھار، باندرہ، باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی)، کرلا، چمبور، گھاٹکوپر، وکھرولی، بوریولی، جوگیشوری اور پوائی میں   زور دار بارش ہوئی جس کے سبب کئی سڑکیں زیر آب آگئیں ۔ پانی بھر جانے کی وجہ سے اندھیری کے سب وے کوچند گھنٹوں کیلئے بند کرنا پڑا ۔
 گھاٹ کوپر میں گاندھی نگر جنکشن، ساکی ناکہ میں پکنک ہوٹل کے پاس چاندیولی روڈ جنکشن پر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس، کرلا ڈپو کے قریب جنکشن پر، جوگیشوری میں ہب مال ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر جنوبی ممبئی کی طرف آنے والے راستے پر، واکولہ بریج کے پاس اور دیگر کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے گاڑیوں کی آمدورفت میں دشواری پیش آئی۔
 بارش کی وجہ سے کئی موٹرسائیکلیں ،   کاریں اور بسیں بھی راستوں میں بند پڑ گئیں  جس کی وجہ سے جوگیشوری، وکھرولی میں رمابائی بریج کے پاس، جنوبی ممبئی میں آزاد میدان کے پاس سدھارتھ کالج کے سامنے ڈی این روڈ پر، مرین ڈرائیور کوسٹل روڈ پر، چمبور میں امر محل جنکشن پر، وڈالا میں جنوب کی طرف ایسٹرن فری وے پر، واکولہ میں آگری پاڑہ سب وے پر اور دیگر کئی علاقوں میں ٹریفک نظام بُری طرح متاثر ہوا  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK