ایک زمانہ تھا جب ہمارے گھروں میں مٹی کے برتنوں کا استعمال عام تھا اور روایتی کھانے مٹی کے برتنوں میں تیار کئے جاتے تھے جس کے بہت زیادہ فوائد تھے۔
EPAPER
Updated: July 16, 2025, 1:01 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
ایک زمانہ تھا جب ہمارے گھروں میں مٹی کے برتنوں کا استعمال عام تھا اور روایتی کھانے مٹی کے برتنوں میں تیار کئے جاتے تھے جس کے بہت زیادہ فوائد تھے۔
ایک زمانہ تھا جب ہمارے گھروں میں مٹی کے برتنوں کا استعمال عام تھا اور روایتی کھانے مٹی کے برتنوں میں تیار کئے جاتے تھے جس کے بہت زیادہ فوائد تھے۔ لیکن آج تقریباً ہر گھر میں مٹی کے برتنوں کے بجائے کھانا پکانے کیلئے مہنگے اسٹیل اور دیگر قسم کے برتن استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ برتن دو قسموں کے ہوتے ہیں جن میں سے ایک گلیزڈ اور دوسرے اَن گلیزڈ ہوتے ہیں۔
اَن گلیزڈ برتن پھر بھی بہتر ہوتے ہیں کیونکہ یہ نان اسٹک پین اور اسٹیل کے برتنوں کے برعکس بایو ڈیگریڈایبل (یعنی ان کو کیمیائی عمل سے تحلیل کیا جاسکتا ہے) ہوتے ہیں۔ لیکن مٹی کے برتن ان سے بالکل مختلف ہیں یہ نہ صرف کم خرچ اور سستے ہوتے ہیں بلکہ ان سے کھانوں کا معیار اور لذت کئی گنا بہتر ہوجاتی ہے۔ اسی لئے ماہرین نے کچھ ایسی وجوہات بتائی ہیں جن کی بنا پر آپ کو اسٹیل اور دیگر دھاتی برتنوں کے بجائے مٹی کے برتنوں کی طرف لوٹنا چاہئے۔
ذائقے میں اضافہ
مٹی کے برتن میں تیار کئے گئے کھانوں کا ذائقہ بالکل مختلف ہوتا ہے اس کی وجہ مٹی میں موجود قدرتی الکلین ہے۔ اس میں تیار ہونے والے بہترین کھانوں میں کری، اسٹو، ساؤسس، سوپ اور گوشت سے تیار دیگر اقسام کے سالن شامل ہیں۔
غذائیت برقرار رہتی ہے
مٹی کے برتن نہ صرف ذائقے میں اضافہ کا سبب بنتے ہیں بلکہ یہ غذا کے بنیادی اجزاء جیسے معدنیات جن میں فولاد، فاسفورس، کیلشیم، میگنیشیم وغیرہ کو برقرار رکھتا ہے۔ کیونکہ مٹی کے برتنوں میں باریک مساموں جیسے سوراخ ہوتے ہیں جو گرمائش اور نمی کو پکانے کے دوران برتن میں گردش کرنے دیتے ہیں جس سے پکنے کے دوران یہ غذائی اجزا برقرار رہتے ہیں۔
کھانے کی خوشبو میں اضافہ
یہ خوراک میں موجود تیزابی محلول کو ریگولیٹ کرتا ہے۔ مٹی کے برتن کی الکلین نیچر کھانے کی اشیاء میں موجود تیزابیت کو کنٹرول کرکے اس کا پی ایچ توازن برقرار رکھتا ہے، جس سے کھانوں میں ایک مہک سی پیدا ہوجاتی ہے جبکہ یہ صحت بخش بھی ہوجاتا ہے۔
دل کی صحت کے لئے مفید
مٹی کے برتن صرف کم قیمت ہی نہیں ہوتے بلکہ یہ امراض قلب پر قابو پانے کیلئے بھی بہتر ہوتے ہیں، کیونکہ اس میں پکانے سے گھی یا تیل کا استعمال بھی کم ہوتا ہے اور دیگر برتنوں کے مقابلے میں اس میں کھانا بہت جلد تیار ہوجاتا ہے جو کھانوں میں قدرتی نمی اور قدرتی چکنائی کو برقرار رکھتا ہے جو دل کی صحت کیلئے مفید ہوتے ہیں۔ البتہ ان کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔