Inquilab Logo

شہرومضافات میں موسلادھار بارش سے ٹرین اور بس خدمات بری طرح متاثر

Updated: July 19, 2021, 11:46 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

؍۵۶۵؍لوکل ٹرین سروسیز منسوخ،۳۲؍طویل مسافتی ٹرینوں کے روٹ مختصرکئے گئے ۔ ۲۴؍ بسیں بند پڑگئیں اور۷۸؍ بسوں کے روٹ بدلے گئے

Train tracks appear to be submerged .Picture:PTI
ٹرین کی پٹریاں پانی میں ڈوبی نظر آرہی ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب  طوفانی بارش کے سبب سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کی خدمات بری طرح متاثر ہوئیں۔  اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ مجموعی طور پر۵۶۵؍ لوکل  سروسیز منسوخ کی گئیں۔ اس میں ویسٹرن ریلوے کی۲۶۵؍ سروسیز تو سینٹرل ریلوے  کی۳۰۰؍  سے زائد سروسیز شامل ہیں۔
پٹریوں پر پانی جمع ہوگیا
  تیز بارش کے سبب جہاں سینٹرل ریلوے میں کرلا ، سائن، چونا بھٹی، ودیا وہار وغیرہ اسٹیشنوں کے درمیان پٹریوں پر کافی پانی جمع تھا تو وہیں ویسٹرن ریلوے میں خاص طور پر نالاسوپارہ اور ویرار کے درمیان پٹریوں پر سیلابی کیفیت تھی۔ سینٹرل ریلوے میں تو عالم یہ تھا کہ۱۱؍  بجے کے بعد مین لائن پر فاسٹ اور سلو لائن کی لوکل سروسیز شروع ہوسکیں جبکہ ویسٹرن ریلوے میں۸؍بجے کے بعد چرچ گیٹ سے ویرار  کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت شروع ہوئی۔  اس کے علاوہ سینٹرل کی۱۱؍  اور  ویسٹرن ریلوے کی۲۱؍ طویل مسافتی ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے گئے اور کچھ ٹرینوں کو تاخیر سے روانہ کیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے سبب ایسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی کہ ٹرینوں کا گزرنا مشکل تھا، اس کے باوجود جہاں تک ممکن ہوسکا ٹرینیں چلانے کی کوشش کی گئی۔ مذکورہ بالا تفصیلات ویسٹرن ریلوے  کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور اور ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے بتائیں۔
کئی علاقوں میں بسیں بند پڑگئیں
 تیز بارش کے سبب شہر و مضافات کے کئی  نشیبی علاقوں نائر اسپتال، پریل، ایلفنسٹن روڈ، دادر ، سواستک چیمبر چمبور، واکولہ بریج، شیتل سنیما، کرلا ایل بی ایس مارگ، سائن روڈ نمبر۲۴؍، سائی ناتھ سب وے، چمبور پھاٹک، ملن سب وے، اندھیری مارکیٹ، گاندھی مارکیٹ، ہند ماتا سنیما، آر سی ایف کالونی، وڈالا بریج ، انجن بائی نگر، آر سینٹر، گوتم نگر، سینڈو گارڈن روڈ نمبر۱۸؍ ، اجیت گلاس، شاستری نگر، بی ایل لوکھنڈے مارگ، اوبیرائے مال، میور نگر، کرلا ، دہیسر سب وے ، سائی بابا مندر لنک روڈ، ایس وی روڈ نیشنل کالج ،مانخورد اسٹیشن ، میراروڈ اسٹیشن اور  بیسٹ نگر گورے گاؤں وغیرہ میں‌   پانی بھرنے کے سبب بیسٹ کی۲۴؍ بسیں بگڑ گئیں۔ اسی طرح ۷۸؍سے زائد بسوں کے روٹ کو بدلنا پڑا اور کچھ روٹس کی بسوں کو رد بھی کیا گیا۔یہ تفصیلات بیسٹ کے پی آر او منوج وراڈے نے انقلاب کو بتائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK