Inquilab Logo

اتراکھنڈ میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ، کیدارناتھ یاترا روک دی گئی

Updated: June 26, 2023, 11:56 AM IST | New Delhi

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے صورتحال کا جائزہ لیا، ہریانہ کے پنچکولا میں گاڑی کے ساتھ ایک خاتون بہہ گئی،ہماچل میں بھی آفت،املاک ا ور مکانات تباہ

Several vehicles have been damaged due to rockslides in Rudraprayag. (PTI)
رودرپریاگ میں چٹانیں کھسکنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔(پی ٹی آئی )

اتوار کو کئی ریاستوں میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی۔ اتراکھنڈ میں جہاں شدید بارش کے پیش نظر کیدارناتھ یاترا روک دی گئی  وہیںہریانہ کے پنچکولا میں سیلابی صورتحال میں ایک خاتون کے ساتھ گاڑی کے ساتھ بہہ جانے کی دردناک خبر ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق مانسون اتوار کی صبح دہلی اور مہاراشٹر میں داخل ہوا۔ محکمہ  کے مطابق۶۲؍ سال بعد ایسا ہوا ہے کہ مانسون نے ایک ساتھ مہاراشٹر اور دہلی میں دستک دی ہے۔ اس سے قبل۲۱؍ جون۱۹۶۱ء کو مانسون  ایک ہی دن دونوںخطوں میں داخل ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کی تقریباً۲۳؍ ریاستوں میں اگلے چار دنوں تک شدید سے شدیدتر بارش کا امکان ہے۔ ان میں جھارکھنڈ، ہماچل، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، کوکن اور گوا، چھتیس گڑھ، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، ادیشہ، مغربی بنگال، اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، دہلی، مشرقی راجستھان اور گجرات شامل ہیں۔  اس کے علاوہ وسطی مہاراشٹر، ودربھ، ساحلی کرناٹک اور کیرالا میں بھی بھاری بارش کا امکان ہے۔ 
کیدار ناتھ یاترا ملتوی 
 رودرپریاگ کے ضلع مجسٹریٹ میور دکشت نے اتوار کو کہا کہ اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں شدید بارش کے درمیان، سون پریاگ میں کیدارناتھ یاترا کو اگلے احکامات تک معطل کر دیا گیا ہے۔ گوری کنڈ سے کیدارناتھ) تک موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق رودرپریاگ کے ضلع مجسٹریٹ میور دکشت نے کہا کہ `رودرپریاگ ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے یاترا کو سون پریاگ میں روک دیا گیا ہے۔اس سے قبل صبح۸؍ بجے تک کل۵۸۲۸؍عقیدتمند سون پریاگ سے کیدارناتھ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست بھر سے سڑکوں کے بند ہونے سمیت نقصانات کی تصویریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔اس دوران وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے چارج سنبھال لیا ہے۔ پشکر سنگھ دھامی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم پہنچ کرافسران اور ملازمین کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت  دی ہے۔  دہرادون میں بارش کی وجہ سے۹؍سڑکیں بلاک ہو گئی ہیں۔ ایک ریاستی شاہراہ اور۹؍ دیہی سڑکیں ملبے سے بھری ہوئی ہیں۔  دہرادون کے موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر بکرم سنگھ نے کہا ہے کہ `اتوار سے دہرادون سمیت ۷؍اضلاع میں اگلے۲۴؍گھنٹوں میں شدید سے شدید تربارش کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اترکاشی میں ۴؍ ا فرادبجلی کی زد میں آگئے 
 کئی راستے بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ صبح سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے دہرادون ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بھی متاثر ہوا ہے۔ دوسری طرف اترکاشی کے پرولا کے کنڈیال گاؤں میں بجلی گرنے سے ۴؍ لوگوں کے شدید جھلس جانے کی خبر ہے۔ اس میں ایک نوجوان کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سبھی کھیتوں میں دھان کی پیوند کاری کا کام کر رہے تھے۔متوفی کی شناخت ابھیشیک(۲۰) ولد دھیرج پال ساکن کنڈیال گاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔
ہماچل پردیش میں املاک اور مکانات تباہ
  ہماچل پردیش میں مانسون کی بارش نے تباہی مچائی جس سے مکانات اور گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا،  اس کےساتھ ہی کئی مویشی ہلاک ہوگئے۔ ریاستی حکومت کے ایک اہلکار نے اتوار کو یہ اطلاع دی ۔ طوفانی گردش  کے باعث  ہماچل میںسنیچر کی صبح سے شدید بارش ہو رہی ہےجس سے۱۳؍ مکانات اور سڑکوں پر کھڑی۱۳؍ گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور۳۵؍ مویشی ہلاک ہو گئے۔چمبا ضلع میں اتوارکی صبح ہوئےایک سڑک حادثے میں، تقریباً ساڑھے۴؍ بجے کھڑامکھ-ہولی روڈ پر ایک کارٹی این ایچ پی سی  ڈیم  سے نیچے گر گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی کاریں غائب ہیں۔ بھرمور سے آئی پولیس ٹیم بچاؤ اور راحت کا کام کر رہی ہے۔ کلو ضلع میں سیلاب  سے موہال کھڈ کے کنارے کھڑی پانچ کاروں اور تین ٹریکٹروں کو نقصان پہنچایا۔ ضلع کے باشنگ گاؤں میں آگ لگنے سے ایک مکان کو بھی نقصان پہنچا۔ منڈی ضلع میں بارش سے  پانچ حادثات ہوئے۔ جبکہ گھٹسانی روڈ پر جوگندر نگر میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جسے بعد میں بحال کردیا گیا۔
چٹانیں کھسکنے کے حادثات  
 منڈی اورکلو  میںکچھ مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ملی ہے، یہ دونوں راستے ابھی تک بند ہیں۔ تھوناگ سب ڈویژن میں ایک مکان  پوری طرح تباہ ہوگیا جبکہ اور دوسرے کو جزوی نقصان پہنچا۔ شملہ ضلع کے چوپال سب ڈویژن کے چوکیہ علاقے میں کار حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ شملہ شہر کے کرشنا نگر میں بارش کے پانی نے ایک مکان کو بری طرح نقصان پہنچایا، جبکہ سیلا ب میں ۴؍ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔بارش کی وجہ سے۱۲۴؍ سڑکوں اور دو قومی شاہراہوں پر ٹریفک میں بھی خلل پڑا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں۲۵؍ اور۲۶؍ جون کو شدید تر بارش کاانتباہ دیا ہے اور۲۸؍ اور۲۹؍ جون کیلئے یلو وارننگ جاری کی ہے۔مانسون اب مہاراشٹر، کرناٹک، تلنگانہ، چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش، اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، ہریانہ، جموں، کشمیر اور لداخ کے بیشتر حصوں میں آگے بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کئی ریاستوں میں مانسون کیلئے اب حالات سازگار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK