گزشتہ ۲؍ دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں زور دار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور متعدد گائوں کا دیگر علاقوںسے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 17, 2025, 12:40 AM IST | Z A khan | Nanded
گزشتہ ۲؍ دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں زور دار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور متعدد گائوں کا دیگر علاقوںسے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
گزشتہ ۲؍ دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں زور دار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور متعدد گائوں کا دیگر علاقوںسے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ الگ الگ واقعات میں ۴؍ افراد کی موت بھی ہوئی ہے۔ ممبئی کے علاو ودربھ، کوکن اور مراٹھواڑہ کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ناندیڑ میں۳؍ افراد کی موت
ناندیڑ ضلع میں جمعرات اور جمعہ دونوں ہی دن طوفانی بارش نے عام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے، گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اس قدرتی آفت میں اب تک ۳؍ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی مویشی بھی پانی میں بہہ گئے۔ قندھار ، لوہا، حدگاؤں، بھوکر، دیگلور، مدکھیڑ، اُمری اور نائیگاؤں وغیرہ میں کے علاوہ حمایت نگر اور شیوڑی میں تیز بارش ہوئی۔ جمعہ کی صبح ۴؍ بجے قندھار تعلقہ کے کوٹ بازار میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے شیخ ناصر شیخ امین(۷۲)اور ان کی اہلیہ شیخ حسیبہ بیگم(۶۸) کی موت ہوگئی۔ اسی طرح کنوٹ تعلقہ کے سندگی (چکھلی) میں پریم سنگھ موہن پوار(۴۲) اسکول وین لے جاتے ہوئے سیلابی پانی میں بہہ گئے، جن کی لاش بعد میں برآمد ہوئی ۔لوہا تعلقہ کے ریسن گاؤں میں انیل مرہری نائک کا بیل، اور والکی خورد گاؤں کے چندرکانت سنبھاجی گائیکواڑ کی بھینس سیلابی پانی میں بہہ گئی۔ جبکہ تلےگاؤں کے کسان ستیش شیواجی راؤ دیشمکھ کی ایک بھینس پر بجلی گرنے سے ہلاک ہو گئی۔ شدید بارش کے نتیجے میں کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ منقطع ہوگیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے راحت و بچاؤ کے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ کنوٹ میں گئو شالہ میں پانی بھر جانے کے بعد محکمہ حیوانات نے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
اورنگ آباد، جالنہ اور لاتور میں بھی شدید بارش
اورنگ آباد کے چوکا تا لڈساونگی کے پٹی میں زوردار بارش کے باعث شندرا صنعتی علاقے کی سڑکوں پر جاری تعمیراتی کام متاثر ہوا ہے اور ٹریفک تقریباً ٹھپ ہوگئی ہے۔ لاتور ضلع میں بھی سنیچر کو وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے اور شدید بارش کا انتباہ دیا ہے۔ لاتور کے ساتھ بیڑ اور جالنہ اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ شولا پور میں بھی بارش کے سبب حالات دگرگوں بتائے جا رہے ہیں۔ یہاں کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے۔ جبکہ متعدد گائوں ایسے ہیں جن کے رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو چکا ہے۔ آمدورفت کے کئی راستے پوری طرح بند ہیں۔
ودربھ میں بھی موسلا دھار بارش
اطلاع کے مطا بق ودربھ کے ایوت محل، واشم اور چندر پور جیسے اضلاع میںسنیچر کو زور دار بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ چندر پور میں ایک لڑکا جو اپنے دوستوں کے ساتھ ندی پر تفریح کیلئے گیا تھا وہ پانی میں ڈوب گیا اور اس کی موت ہو گئی۔
رائے گڑھ میں ریڈ الرٹ
اس دوران کوکن کے ضلع میں بھی سنیچر کے روز زور دار بارش ہوئی جس کی وجہ سے یہاں کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہاں سنیچر کو یہاں ریڈ الرٹ جاری کیا تھا۔ آئندہ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔