Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی کے سہارنپور،دیوبند اور دہلی این سی آر میں جھماجھم بارش، شہریوں کو شدید گرمی سے تھوڑی راحت ملی

Updated: June 16, 2025, 12:15 PM IST | Inquilab News Network | Saharanpur

نکاسی نظام میں خرابی کے سبب کئی علاقوں میں پانی بھرا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے دو چار دنوں تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

A road in Saharanpur is seen during heavy rain. Photo: INN
زوردار بارش کے دوران سہارنپور کی ایک سڑک دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این

سہارنپور، دیوبند اور اطراف کےعلاقوں میں گزشتہ ایک ہفتہ سے پڑ رہی شدت کی گرمی کے بعداتوار کی صبح زوردار بارش نے عوام کو بڑی راحت پہنچائی۔ صبح ۸؍ بجے کے قریب آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس نے موسم کا مزاج یکسر تبدیل کر دیا۔ بجلی کی گڑگڑاہٹ اور ۳؍ گھنٹے کی لگاتار بارش نے زمین کی تپش کو کافی حد تک کم کر دیا۔ سنیچر کو درجۂ حرارت ۳۸؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اتوار کو تین ڈگری کی کمی کے ساتھ ۳۴؍ ڈگری تک آ گیا۔ اسکے باوجود ہوا میں نمی کی مقدار ۵۳؍ فیصد تک پہنچ گئی، جس کے باعث گھروں کے اندر کچھ لوگوں کو گھٹن کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ گرمی اور نمی کی شدت سے پچھلے کچھ دنوں میں بڑی تعداد میں شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو گئے تھے، خصوصاً بزرگ اور بچے گرمی سے سخت متاثر تھے۔ 
 اتوار کو جہاں بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوا، وہیں سہارنپور میونسپل کارپوریشن کے دعوؤں کی قلعی بھی کھل گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں بشمول شاکمبھری دیوی روڈ، بہٹ روڈ اور مضافاتی بازاروں میں پانی بھر گیا، جس سے مقامی باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دوکانوں اور گھروں سے لوگ بالٹیوں اور موٹریں کے ذریعہ پانی نکالتے نظر آئے۔ موسم کا یہ رخ نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں اور پرندوں کیلئے بھی باعثِ راحت ثابت ہوا۔ فضا میں خنکی کے باعث ماحول میں تازگی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ تک یعنی ۲۱؍ جون تک بارش کا سلسلے جاری رہنے کی امید ہے، جس سے مزید راحت کی توقع ہے۔ 
دوسری طرف دیوبند میں بھی تیز بارش اور ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں کے سبب لوگوں نے راحت محسوس کی۔ مسلسل کئی دنوں سے گرمی کی شدت سے پریشان دیوبند کے مکینوں کو بارش نے وقتی ہی سہی، بڑی راحت فراہم کی ہے۔ حالانکہ میونسپل بورڈ کی عدم توجہ ہی کے سبب شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور متعدد راستے بھی گھنٹوں زیر آب رہے۔ 
دہلی-این سی آر میں موسم کا مزاج بدلا
 صفدر جنگ میں ژالہ باری اور گرج کے ساتھ بارش کے علاوہ طوفانی ہوائیں چلنے کی اطلاع ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں شدید طوفان اور تیز ہوا کی وارننگ جاری کی ہے۔ راجدھانی دہلی میں اتوار کی صبح اچانک موسم کا مزاج بدل گیا۔ یہاں تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ گھنٹوں کے لیے بھی دہلی-این سی آر میں شدید طوفان اور تیز ہوا کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کے پیش نظر لوگوں سے احتیاط برتنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا، ’’دہلی-این سی آر میں گرج اور بجلی کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش، ۸۰؍ سے۱۰۰؍ کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ گھر کے اندر رہیں اور جب تک ضروری نہ ہو سفر کرنے سے بچیں۔ ‘‘ دہلی- این سی آر میں ۱۶؍ سے۲۰؍ جون تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ۱۶، ۱۸، ۱۹؍ اور ۲۰؍ جون کو دہلی میں درجہ حرارت۳۶؍ سے۳۹؍ ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔ 
 واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کی شام یا رات میں تیز ہوا اور آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا لیکن رات ساڑھے آٹھ بجے تک کہیں بوندا باندی بھی نہیں ہوئی اور اومس بھری گرمی بنی رہی۔ سنیچر کو دہلی میں درجہ حرارت۸ء۴۱؍ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے۹ء۱؍ ڈگری زیادہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK