اس ماہ سانتا کروز میں پہلی مرتبہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، قلابہ میں بارش کا زور کم رہا۔ جھیلیں ۸۲ء۶۵؍ فیصد بھر گئیں، عوام کو گرمی سے راحت ملی
EPAPER
Updated: July 21, 2025, 11:07 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اس ماہ سانتا کروز میں پہلی مرتبہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، قلابہ میں بارش کا زور کم رہا۔ جھیلیں ۸۲ء۶۵؍ فیصد بھر گئیں، عوام کو گرمی سے راحت ملی
ممبئی میں ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے پیر کی صبح مختلف مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کام کے پہلے دن آمدورفت میں تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ عام طور پر جولائی میں ممبئی میں دیگر مہینوں سے زیادہ بارش ہوتی ہے لیکن اس ماہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ البتہ اس کے برعکس جنوبی ممبئی کے قلابہ میں بہت کم ۱۱؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔
مزید بارش کاامکان
پیر کو دوپہر ڈھائی بجے محکمہ موسمیات نے ایک خصوصی پریس ریلیز کے ذریعہ اطلاع دی کہ ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور رتنا گیری وغیرہ میں ۲۱؍ سے ۲۷؍ جولائی کے درمیان بارش کا زور زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پالگھر کو چھوڑ کر کوکن اور مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے تیز ہوائوںاور گھن گرج کے ساتھ شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش
پیر کی صبح ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سانتا کروز میں ۱۱۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے منگل کو صبح ۸؍ بجے تک کیلئے ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور رتنا گیری وغیرہ کیلئے اورینج الرٹ جاری کردیا۔ تاہم اسی وقفہ کے دوران قلابہ میں محض ۱۱؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس دن صبح ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک سانتا کروز میں ۸۶ء۶؍ ملی میٹر، قلابہ میں ۸ء۴؍ ایم ایم اور تھانے میں ۲۹ء۸؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ دن بھر میں جوہو ایئر پورٹ پر ۷۰؍ ملی میٹر سے زیادہ، باندرہ میں ۵۰؍ ایم ایم سے زیادہ، رام مندر، سائن اور چمبور میں ۴۰؍ ایم ایم سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
پیر کو شدید بارش کے سبب پانی بھر جانے کی وجہ سے صبح میں اندھیری سب وے بند کرکے گاڑیوں کو گوکھلے بریج اور دیگر راستوں پر منتقل کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کلوپ واڑی (دہیسر)، جوگیشوری میں ایس آر پی ایف گیٹ، کرلاایس سی ایل آر بریج کمانی، سروے، کلپنا جنکشن، واکولہ بریج کے پاس پان بائی اسکول کے قریب، واکولہ میں ہی سینچور بریج کے پاس، کرلا جوہو تارا روڈ گنگولی مارگ، رام نگر سب وے، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پمپ ہائوس اور دیگر کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک متاثر رہا۔
درجہ حرارت میں کمی
موسم کا مزاج بدلنے سے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے نیچے آگیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی۔ پیر کو قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۸؍ ڈگری اور سانتا کروز میں ۲۷ء۸؍ ڈگری سیلسیئس ہوگیا تھا جو گزشتہ کئی روز سے ۳۰؍ ڈگری سیلسیئس سے اوپر تھا۔
جھیلوں میں ۸۲؍ فیصد پانی
پیر کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر ۸۲ء۶۵؍ فیصد پانی جمع ہوگیا تھا۔ گزشتہ برس ان جھیلوں میں ۲۱؍ جولائی کو ۴۳ء۴۱؍ فیصد اور ۲۰۲۳ء میں ۴۲ء۷۵؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔