اسکول اور کالج پہنچنے میں دیر ہونے لگی تو متعدد طلبہ آٹو رکشا سے اتر کر پیدل چلنے لگے، بہنوں کے گھر جانے نکلے بھائی بھی جام میں پھنسے،ڈی سی پی نے بتایا کہ مرمت کا کام ۱۱؍ اگست تک جاری رہے گا
EPAPER
Updated: August 10, 2025, 12:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اسکول اور کالج پہنچنے میں دیر ہونے لگی تو متعدد طلبہ آٹو رکشا سے اتر کر پیدل چلنے لگے، بہنوں کے گھر جانے نکلے بھائی بھی جام میں پھنسے،ڈی سی پی نے بتایا کہ مرمت کا کام ۱۱؍ اگست تک جاری رہے گا
ممبرا کوسہ میں سنیچر کی دوپہر تقریباً پونے ایک بجے شنکر مندر تا عبدالحمید مارگ(متل روڈ)، قسمت کالونی اور شملہ پارک کے قریب شدید ٹریفک جام رہا۔ اس ٹریفک جام سے طلبہ کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام کے سبب صبح کی اسکول چھوٹنے کے بعد کوسہ سے ممبرا اپنے سے گھر جانے والے طلبہ اور اسی طرح ممبرا سے امرت نگر اور کوسہ جانے والے طلبہ ٹریفک جام میں پھنس گئے تھے۔جب طلبہ اسکول اور کالج پہنچنے میں دیر ہونے لگی تو متعدد طلبہ آٹو رکشا سے اتر کر پیدل چلنے لگے ۔ سنیچر کو رکشا بندھن کے موقع پر اپنی بہنوں کے گھر جانے والے برادران بھی اس ٹریفک جام میں پھنس گئے تھے ۔ اس ضمن میں ممبرا ٹریفک پولیس اسٹیشن پہنچ کر ٹریفک جام کی شکایت کرنے پر وہاں موجود افسر نے بتایا کہ تھانے اور بھیونڈی کے درمیان گائےمکھ سے گھوڑبندر کی سڑک کو مرمت کیلئے بند کیاگیا ہے اور گائےمکھ سے ٹریفک موڑ کر ممبرا اور آس پاس کے علاقوں سے گزارا جارہا اور اسی لئے ممبرا میں ٹریفک جام ہو رہا ہے۔ حالانکہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے عبدالحمید مارگ پر ۲؍ کانسٹیبلوں کو تعینات کیا گیاہے۔
شنکر مندر کے قریب کوسہ کی جانب جانے والے ایک موٹر سائیکل سوار نے بتایاکہ ان کی بیٹی عبداللہ پٹیل جونیئر کالج میں ۱۲؍ویں میں زیر تعلیم ہے اور آج(سنیچر کو) اس کا یونٹ ٹیسٹ کا پرچہ ہے ، اسے میںکالج پونے ایک بجے پہنچنا تھا ۔ ممبرا سے بمشکل ۱۰؍ منٹ میں امرت نگر پہنچا جاتا ہے لیکن سنیچر کو شدید ٹریفک جام کے سبب آدھا گھنٹہ لگ گیا۔اسے امتحان گاہ جانے میں بھی تاخیر ہوئی۔ٹریفک جام میں طلبہ کے علاوہ دفتر اور ملازمت پر جانے والے افراد اور وہ شہری بھی شامل تھے جو رَکشا بندھن کے موقع پر اپنی بہنوں اور رشتہ داروں کے گھر جارہے تھے ۔ اس ضمن میں ٹریفک انسپکٹر نے بتایاکہ ’’گائمکھ سے ممبرا کی جانب آنے والی بڑی گاڑیوں کو تو ہم بائے پاس روڈ سے لیکن چھوٹی گاڑیاں ممبرا شہر سے گزر رہی ہے اور اسی لئے ٹریفک زیادہ ہو گیا ہے۔مرمت کا کام ۱۱؍ اگست تک جاری رہےگا۔
شدید ٹریفک جام کی شکایت کئی بڑے ٹریفک پوائنٹس بشمول ممبرا، بھیونڈی، کاپرباوڑی، تھانے اور کلیان سے بھی موصول ہوئی اور شہری ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔ قومی شاہراہ (این ایچ ۴۸)کے گائمکھ۔گھوڑبندر حصے پر جاری مرمتی کام کی وجہ سے ممبرا ٹول ناکہ، کھارےگاؤں اور بھیونڈی روٹ پر بھاری ٹریفک دیکھا گیا ۔ اس سے پہلے، تھانے ٹریفک پولیس نے۸؍ اگست کو صبح ۱۲؍ بجے سے ۱۱؍ اگست کی صبح ۵؍بجے تک تھانے۔ گھوڑبندر روڈ پر بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگاتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کے کام میں گائمکھ گھاٹ پر کاجوپاڑا اور نیرا کیندر کے درمیان ۳۰۰؍ سے ۴۰۰؍ میٹر کے گڑھوں کی مرمت کی جارہی ہے۔ روڈ ڈپارٹمنٹ اور تھانے ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی صورتحال کو منظم کرنے کیلئے تال میل کر رہے ہیں۔