Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار اسمبلی انتخابات سےقبل سیلاب متاثرین کی مدد

Updated: August 21, 2025, 1:40 PM IST | Javed Akhtar | Patna

نتیش کمار نے۵ء۶؍لاکھ سیلاب متاثرین کے اکائونٹ میں۴۵۶؍کروڑ رقم منتقل کی،افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔

People are moving to safer places with their livestock from a flood-hit area. Photo: PTI
ایک سیلاب زدہ علاقے سے لوگ اپنےمویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہورہےہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سیلاب سے متاثر لاکھوں خاندانوں کو بڑی راحت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بدھ کو ایک انے مارگ رہائش گاہ میں واقع ’سنکلپ ‘میں منعقد ہ ایک پروگرام میں سیلاب سے متاثر خاندانوں کو امدادی رقم براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آفت متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان کا سرکاری خزانے پر پہلا حق ہے۔نتیش حکومت کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لئے اب تک کا یہ سب سے بڑا قدم ہے۔ نتیش کمار نے اس مد میں ۱۲؍اضلاع کے۶؍ لاکھ۵۱؍ ہزار سے زیادہ خاندان کو کل۴۵۶؍ کروڑ ۱۲؍ لاکھ روپے ڈی بی ٹی (ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر) کے ذریعہ ۷؍ہزار روپے خاندان کے حساب سے منتقل کئے ہیں۔ اس دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈیولپمنٹ کمشنر و ایڈیشنل چیف سیکریٹری پرتیہ امرت نے بتایا کہ گنگا اور دیگر ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافہ سے ۱۲؍اضلاع کے۶۶ ؍بلاک کی تقریباً۳۸؍ لاکھ آبادی متاثر ہوئی ہے۔ ان میں بھوجپور، پٹنہ، سارن، ویشالی، سمستی پور، بیگوسرائے، لکھی سرائے، مونگیر، کھگڑیا، بھاگلپور، کٹیہار اور نالندہ شامل ہیں۔سیلاب کے دوران اب تک ۲؍لاکھ ۱۹؍ہزار پولی تھین شیٹس اور ۵۷؍ ہزار۶۳۹؍ خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ ۱۴؍سیلاب راحت کیمپ چلائے جا رہے ہیں جن میں تقریباً۱۵؍ ہزارافراد رہ رہے ہیں۔ کمیونٹی کچن سینٹر میں اب تک تقریباً۸۵؍ لاکھ افراد کھانا کھا چکے ہیں۔ کیمپوں میں انسانوں اور جانوروں کی ادویات کے لئے بھی تمام انتظامات کئےگئے ہیں۔
  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے۱۳؍اگست کو سیلاب سے متاثر اضلاع کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی تھی اور ۱۴؍ اگست کو ہم نے صورتحال جاننےکے لئے پٹنہ، ویشالی، بیگوسرائے اور مونگیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا تھا۔ ہم نے حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جنگی سطح پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کریں۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی رقم کی ادائیگی۲۰؍ اگست تک شروع کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔وزیراعلیٰ نے سیلاب سے نمٹنے کے لئے متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا کیونکہ ستمبر میں بھی ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔
  انہوں نے ہدایت دی کہ ہرحال میں متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد اور تحفظ ملنا چاہئے۔اس موقع پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر وجے کمار منڈل، چیف سیکریٹری امرت لال مینا، ڈیولپمنٹ کمشنر پرتیہ امرت ،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، محکمہ آبی وسائل کے پرنسپل سیکریٹری سنتوش کمار مل،محکمہ زراعت کے پرنسپل سیکریٹری پنکج کمار،وزیرا علیٰ کے سیکریٹری انوپم کمار اور کمار روی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ  اوردیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔اس ویڈیو کانفرنسنگ میں متعلقہ اضلاع کے ڈی ایم بھی شامل ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK