Inquilab Logo

مدد بھی جرم ٹھہری ، ریلیف کا کام کرنے والوں سے پوچھ تاچھ

Updated: May 16, 2021, 9:01 AM IST | New Delhi

پولیس نے یوتھ کانگریس کے صدر شرینواس بی و ی سے پوچھ تاچھ کی، کانگریس برہم ، کہا کہ مدد کرنے والوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، دیگر اپوزیشن لیڈران بھی نشانے پر ،شرد پوار ، پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی سے بھی پوچھ تاچھ کا امکان ، شرینواس نے کہا کہ ’’ ایسی حرکتوں سے خوفزدہ نہیں ہوں ، اپنا کام جاری رکھوں گا ‘‘

Oxygen cylinders are being provided by various leaders.picture:PTI
مختلف لیڈران کی جانب سے آکسیجن کے سلنڈر فراہم کئے جارہے ہیںتصویر: پی ٹی آئی

رونا کے اس دور میں جبکہ حکومتی سطح پر بے حسی اور بد انتظامی کا دور دورہ ہے ،کچھ لیڈران ایسے ہیں جو ذاتی طور پر متاثرین کی نہ صرف مدد کررہے ہیں بلکہ اپنی جیب  خاص سے کسیجن سلنڈر ، دوائیں اور دیگر چیزیں مہیا کروارہے ہیں لیکن عوامی بہبود کے یہ کام مودی حکومت کو نہیں بھارہے ہیں۔ اسی لئے وہ ان لیڈروں کو خوفزدہ کرنے اور انہیں خاموش بٹھانے کے لئے پولیس کی مدد لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں  یوتھ کانگریس کے لیڈر شرینواس بی وی سے گزشتہ روز پوچھ تاچھ کی گئی۔ یہ کارروائی دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے کی ۔ اس نے شرینواس سے آکسیجن سلنڈروں کی دستیابی ، دوائیوں کی دستیابی اور وہ کہاں سے یہ سب حاصل کررہے ہیں، اس کے لئے فنڈ کہاں سے مل رہا ہے جیسے سوالات کئے۔  شرینواس کے مطابق انہوں نے ان تمام سوالوں کے جواب اطمینان بخش طریقے سے دئیے ہیں اور پولیس کو وہ تمام دستاویز بھی مہیاکروادئیے ہیں جن کی مدد سے واضح ہو جائے گا کہ شرینواس بی وی کوئی غلط کام نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے واضح کردیا کہ وہ مرکزی حکومت کی کسی بھی حرکت سے خوفزدہ نہیں ہیں کیوں کہ مرکز کو بھی معلوم ہے کہ وہ ہمیں ڈرا نہیں سکتا ۔ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے۔  ہم یوتھ کانگریس کے بینر تلے عوام کی مدد کے کام کرتے رہیں گے ۔ 
 دہلی پولیس کی اس کارروائی پر کانگریس پارٹی نے سخت اعتراض کیا ہے۔ اس نے مودی حکومت سے کہا کہ وہ راج دھرم نبھانے کی جانب توجہ دے ، ریڈ راج کو واپس لانے کی کوشش نہ کرے۔ اس معاملے میں بی جے پی نے ردعمل ظاہر کیا  ہے کہ یہ کارروائی دہلی ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ہو رہی ہے ، اس میں ان تمام پارٹیوں کے لیڈران سے پوچھ تاچھ ہو گی جو کورونا کے دور میں متاثرین کی مدد کررہے ہیں تاکہ جمع خوری کرنے والوں کے بارے میں معلوم کیا جاسکے۔ بی جے پی کے مطابق اس کارروائی میں کچھ بھی غلط نہیں ہے کیوں کہ اس کے ذریعے سے اصل نشانہ جمع خور ہیں لیکن کچھ لوگوں کو ہر قدم پر سرکار اور کورٹ کی مخالفت کرنے کی عادت پڑ گئی ہے۔واضح رہے کہ شرینواس بی وی دہلی میں یوتھ کانگریس کے صدر دفتر میں وار روم چلارہے ہیں جس کی مدد سے’ رئیل ٹائم‘ کی بنیاد پر مدد پہنچائی جارہی ہے۔ اس سے یوتھ کانگریس کے سیکڑوں کارکن بھی منسلک ہیں اور  مدد پہنچانے میں پیش پیش ہیں۔
 اس سے قبل کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ کانگریس وباء کے اس دور میں کسی نام و نمود کی خواہش کے بغیر متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے جس سے سرکار کی ناکامی بھی واضح ہو رہی ہے۔ اسی لئے مودی حکومت کی جانب سے ہمارے لیڈران کو ہراساں کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس ایسے معاملات میں کبھی خوفزدہ نہیں ہوگی  اور نہ عوامی بہبود کے کاموں کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کرے گی۔سرجیوالا نے کہا کہ ایسے دور میں جب ملک کے شہری کورونا سے خوفزدہ ہیں ، سرکار انہیں دلاسہ دینے اور اس  وباء سے انہیں بچانے کی کوشش کرنے کے بجائے صرف اور صرف انتقامی سیاست میں مصروف ہے۔
 واضح رہے کہ یہ کارروائی دہلی کے ایک ڈاکٹر دیپک سنگھ کی پٹیشن پر ہو رہی ہے۔ انہوں نے دہلی ہائی کورٹ میں یہ عرضداشت داخل کی تھی کہ کورونا کے اس دور میں جبکہ  نہ آکسیجن سلنڈر آسانی سے دستیاب ہیں ، نہ ریمڈیسور مل رہی ہے اور نہ اسپتالوں میں بیڈ دستیاب ہو پارہے ہیں، کچھ سیاستدانوں  کے پاس ان تمام چیزوں کا ذخیرہ ہے اور وہ اپنے اپنے حلقوں میں اسے تقسیم بھی کررہے ہیں، یہ کیسے ممکن ہے؟ دہلی ہائی کورٹ اس کا نوٹس لے ۔ عدالت نے بھی اس معاملے میں نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی لیڈر گوتم گمبھیر کی سرزنش کی تھی اور باقی تمام لیڈروں سے پوچھ تاچھ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ گوتم گمبھیر نے پوچھ تاچھ کی تصدیق کی اور کہا کہ  یہ صرف معمول کی پوچھ تاچھ تھی ، کسی کو خوفزدہ ہونےکی ضرورت نہیں ہے۔ 

oxygen Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK