• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرس میںتذبذب ۔ گزشتہ سال کےمطابق کوٹہ جاری کردیاگیا

Updated: September 11, 2025, 11:15 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سعودی حکومت کے کوٹے کا انتظار۔رقم جمع کرانے کی بھی ہدایت ۔ ٹورآپریٹرس کے مطابق ۸۰؍فیصد ٹور آپریٹرس کی گزشتہ سال کی رقم جمع ہے

The Hajj Committee is also waiting for the quota of pilgrims. (File photo)
حج کمیٹی کو بھی عازمین کے کوٹہ کا انتظار ہے۔(فائل فوٹو)

پرائیویٹ ٹورآپریٹرس (پی ٹی او) میں تذبذب کی کیفیت پائی جارہی ہے۔ حکومت ِ ہند نے گزشتہ سال کےکوٹے کے حساب سے اپنے طور پرفی کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرس (سی ایچ جی او)کو ۲؍ہزارکا کوٹہ جاری کیا ہے۔۵۲؍ہزارسے زائدکا کوٹہ ۲۶؍ سی ایچ جی او میںتقسیم کیا گیا ہے ۔یہ ۲؍ ہزارکوٹہ سی ایچ جی او کےگروپ میںشامل ٹورآپریٹرس کو ۱۰۰،  ۵۰؍یا اس سے کم، خدمات اورکٹیگری کے اعتبار سے تقسیم کیا گیا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ا ب تک سعودی حکومت کی جانب سے کوٹہ جاری نہیں کیا گیا ہےجس کا انتظارکیا جارہا ہے۔
 بتایاجارہا ہے کہ وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے ٹور آپریٹرس کو تیار رکھنے کی غرض سے یہ عمل کیا گیا ہے۔ حالانکہ کوٹہ دینے کے ساتھ یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ ٹورآپریٹرس اسے حتمی نہ سمجھیں۔ اگر سعودی حکومت کی جانب سے کوٹہ اتنا ہی ملتا ہے توکوئی بات نہیں لیکن اگرتخفیف یا اضافہ کیاجاتا ہے تواسے تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے ۔ ایسے میںکئی ٹور آپریٹرس کایہ سوال اہم ہے کہ جب سعودی حکومت اور حکومت ِ ہند کے مابین ابھی معاہدہ نہیںہوا ہے، کوٹہ متعین نہیںکیا گیا ہےتوپھر کیوں اورکس بنیاد پرسی ایچ جی اوکو کوٹہ دے دیا گیا۔ اُن سےیہ بھی کہاجاسکتا تھا کہ تمام ٹور آپریٹرس اپنے طورپرپوری تیاری رکھیں تاکہ جیسے ہی سعودی حکومت کوٹہ جاری کرے، بلاتاخیر اس پرعمل درآمدہوسکے ۔
 دوسری جانب رقم جمع کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔اس پر ٹورآپریٹرس کا کہنا ہے کہ ۸۰؍فیصد ٹور آپریٹرس کی گزشتہ سال کی رقم آئی بی اے این (انٹرنیشنل بینکنگ) میں جمع ہے ۔جو اضافی رقم درکار ہوگی ،اس کاوقت پرنظم کیاجائے گا ۔ 
 واضح ہوکہ گزشتہ سال ٹور آپریٹرس کا ۸۰؍فیصد کوٹہ عین وقت پر کاٹ دیاگیا تھا جس سے انہیںزبردست مسائل کاسامناکرنا پڑا تھا اورعازمین کوجواب دینا مشکل ہوگیا تھا۔
ٹورآپریٹرس کی تنظیمیں کیا کہتی ہیں؟
 آل انڈیا حج عمرہ ٹورآرگنائزرس اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران علوی سے استفسار کرنے پرانہوں نے بتایا کہ’’ جس طرح کی گائیڈلائن دی جارہی ہے، اسی حساب سے پروسیس آگے بڑھایا جارہا ہے ۔ چونکہ اس دفعہ سعودی حکومت کی جانب سے حج امور سےمتعلق تمام کام ۲۰۲۶ءکے اخیر تک مکمل کرلینا ہے اس لئے ہرچیز میںجلدی کی جارہی ہے ۔ ‘‘ انہوں نےسی ایچ جی اوکو وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے ۲؍ہزارکا کوٹہ دینے کے تعلق سے کہا کہ’’ اسے واضح کردیا گیا ہےتاکہ اس میں شامل ٹور آپریٹرس اپنی تیاری شروع کردیں ،اگرسعودی حکومت کی جانب سے کوٹے میںکمی بیشی ہوگی توبتادیا جائے گا ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’جتنی جلد تمام چیزیں واضح کردیا جائیں گی، اتنی ہی آسانی ہوگی ۔ اب تک ۲۰؍ فیصد سے زائد عازمین ِحج بکنگ کراچکے ہیں اور جیسے جیسے پروسیس آگے بڑھے گا، بکنگ میںبھی تیزی آنے کی امید ہے۔‘‘
 حج فیڈریشن کے ذمہ دار عاشق علی سےرابطہ قائم کرنے پر انہوں نے کہا کہ’’ سبھی ٹور آپریٹرس اپنے طور پرکوشاں ہیں کہ سعودی حکومت کی گائیڈ لائن کےحساب سے تمام کام وقت پر پورے ہوں۔ سعودی حکومت نے ہرچیز کیلئے تاریخ کاتعین کردیا ہے۔ وزارت اقلیتی امور نے سی ایچ جی اوکو اپنی جانب سے گزشتہ سال کے حساب سے ۲؍ہزارکاکوٹہ بھی دے دیاہے۔ سعودی حکومت کے فائنل کوٹے کا انتظار ہے ۔‘‘ 
حج کمیٹی سے جانے والے عازمین بھی کوٹے کے منتظر
 حج کمیٹی آف انڈیا نے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ہی قرعہ اندازی کرتے ہوئے درخواست دہندہ ۲؍لاکھ ۴؍ہزارعازمین میں سے ایک لاکھ عازمین کا انتخاب کرلیا تھا ۔اتنا ہی نہیں فی عازم ایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے بھی۲۵؍اگست تک جمع کرالئے تھے مگر اب تک سعودی حکومت کی جانب سے کوٹہ نہیں دیا گیا ہے۔اس سے عازمین کایہ سوال اہم ہے کہ اتنے پہلے رقم جمع کرانے کا اُن کوکیا فائدہ جبکہ اب بھی غیریقینی حالات ہیںکہ کتنا کوٹہ ملے گا ۔ 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنوازسی سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’ سعودی حکومت نے کوٹہ جاری نہیںکیا ہے ،انتظار کیا جارہا ہے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK