پنجاب سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہیں۔ وزیراعظم سمیت متعدد مشہور شخصیات پنجاب کی مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔ بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کی میر فاؤنڈیشن نے ۱۵۰۰؍ خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
EPAPER
Updated: September 11, 2025, 9:59 PM IST | Mumbai
پنجاب سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہیں۔ وزیراعظم سمیت متعدد مشہور شخصیات پنجاب کی مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔ بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کی میر فاؤنڈیشن نے ۱۵۰۰؍ خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کی میر فاؤنڈیشن نے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے مقامی این جی اوز کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے تاکہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی کٹس تقسیم کی جائیں جن میں ادویات، حفظان صحت کا سامان، کھانے پینے کی اشیاء، مچھر دانیاں، ترپال کی چادریں، فولڈنگ بیڈ، روئی کے گدے اور دیگر ضروریات شامل ہیں۔ اس کے ذریعے ادارہ امرتسر، پٹیالہ، فضلکا، اور فیروز پور اضلاع میں ۱۵۰۰؍ گھرانوں تک پہنچے گا اور فوری صحت، حفاظت اور پناہ گاہ کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خاندانوں کو عزت کے ساتھ اپنی زندگیوں کی تعمیر میں مدد فراہم کرے گا۔ دیگر این جی اوز کے علاوہ، میر فاؤنڈیشن نے امرتسر کی این جی او وائس آف امرتسر (وی او اے) کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے۔ تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے وی او اے کے بانی رکن سینو اروڑہ نے کہا کہ ’’ہم اس اشتراک سے خوش ہیں۔ ہم ۵۰۰؍ گھرانوں کو گھریلو سامان بشمول بستر، گدے، گیس کے چولہے، پنکھے، واٹر پیوریفائر وغیرہ تقسیم کرنے اور اجتماعی طور پر اپنائے گئے منصوبے پر عمل کررہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بیٹل آف گلوان: چین کی بدنامی نہیں ہونی چاہئے، راجناتھ سنگھ کی اپیل
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی میر فاؤنڈیشن ان کے مرحوم والد میر تاج محمد خان کی یاد میں ۲۰۰۳ء میں قائم کی گئی تھی۔ فاؤنڈیشن نے تب سے کئی فلاحی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔ اس نے تیزاب کے حملوں کے متعدد متاثرین کی بھی مدد کی ہے۔ صرف یہی نہیں، فاؤنڈیشن کووڈ ۱۹؍ وبائی امراض کے دوران لوگوں کی مدد کیلئے بھی آگے آئی تھی۔ اس کا مقصد زمینی سطح پر تبدیلی کو متاثر کرنا اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر کیلئے کام کرنا ہے جو خواتین کو بااختیار بنائے۔ ماضی میں، میر فاؤنڈیشن نے پسماندہ خواتین اور بچوں کو مدد فراہم کرنے والے بھی کام کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان جیسی شکل نے ابراہیم قادری کی غربت دور کردی، ایک شو کا ۵؍لاکھ لیتے ہیں
سلمان خان نے بھی مدد کی
چونکہ پنجاب کو سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، سلمان خان کی بیئنگ ہیومن فاؤنڈیشن نے امدادی کارروائیوں میں مدد کیلئے پانچ کشتیاں بھی روانہ کی ہیں۔ ان میں سے تین کو پھنسے ہوئے باشندوں کو بچانے، خوراک کی فراہمی اور زمین پر رضاکاروں کی مدد کیلئے فعال طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ باقی دو کو باضابطہ طور پر فیروز پور بارڈر پر حوالے کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، پنجاب ٹورازم کے چیئرمین دیپک بالی نے تصدیق کی ہے کہ سلمان خان کی فاؤنڈیشن کا منصوبہ ہے کہ صورتحال مستحکم ہونے پر حسینی والا کے قریب سیلاب سے متاثرہ سرحدی دیہات کو گود لیا جائے۔