Inquilab Logo

دیوالی کی چھٹیوں سےمتعلق اچانک سرکیولر جاری کئے جانے سے تذبذب

Updated: October 28, 2021, 10:06 AM IST | Mumbai

ریاستی محکمہ ٔ تعلیم نے جمعرات ۲۸؍اکتوبرتا ۱۰؍نومبر دیوالی کی چھٹیاں دیئے جانےکا اعلان کیا،متعدد اسکولوں میں امتحان جاری ہونے کی وجہ سے انتظامیہ پریشان کہ جو امتحان باقی ہیں وہ کیسے منعقد کئے جائیں،تعلیمی تنظیموں نے خط لکھ کروزیرتعلیم سے سرکیولر واپس لینے کا مطالبہ کیا

There is concern about the Diwali holidays in schools.
اسکولوں میں دیوالی کی چھٹیوں کے تعلق سےتشویش ہے

: دیوالی کی چھٹی سےمتعلق متعدد قسم کے اعلانات سے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ میں تذبذب کا ماحول ہے۔بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے یکم تا ۱۴؍نومبر کےدرمیان دیوالی کی چھٹی دی گئی ہے ۔ جبکہ ویسٹر ن ایجوکیشن ڈویژن نے یکم تا ۲۰؍ نومبر تک دیوالی کی چھٹی کا سرکیولر جاری کیاتھا ۔ لیکن  ۲۷؍اکتوبرکو ریاستی محکمہ ٔ  تعلیم کی جانب سے جاری کئے گئے سرکیولر میں اچانک جمعرات ۲۸؍ اکتوبر تا ۱۰؍ نومبر دیوالی کی چھٹی دیئے جانےکے اعلان سے اسکول انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبہ میں چہ میگوئیاںجاری ہیں۔متعدد اسکولوں میں ابھی امتحان جاری ہے ۔ ایسےمیںاچانک ۲۸؍اکتوبر سے چھٹی دیئے جانے سے امتحان کیسے منعقد کیا جائے گا۔ اساتذہ یہ سوال کررہےہیں۔ 
  ریاستی محکمۂ تعلیم کےڈپٹی سیکریٹری راجندر پوارنے بدھ ۲۷؍اکتوبر کو ایک سرکیولر جاری کیا ہےجس میں تمام ریاستی اسکولوں کو ۲۸؍ اکتوبر تا ۱۰؍ نومبر تک دیوالی کی چھٹی دیئے جانےکا اعلان کیاگیاہے ۔ اس دوران آف او رآن لائن پڑھائی بندرکھنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ اچانک چھٹی دیئے جانےکے اعلان سے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور تعلیمی تنظیمیں پریشان ہیں کہ جن اسکولوں میں امتحان جاری ہے، ان کے امتحان کاکیا ہوگا۔ اس تعلق سےمتعدد تعلیمی تنظیموں مثلاً اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ، مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد اور مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک بھارتی وغیرہ نے ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ سے تحریری شکایت کرتےہوئے کہاہےکہ اچانک دیوالی کی چھٹی کا اعلان کئے جانے سے اساتذہ اور طلبہ پریشان ہیں۔ اس معاملہ میں فوری کارروائی کی جائے اور مذکورہ سرکیولر واپس لیا جائے۔ انقلا ب نے اس معاملہ کے استفسار کیلئے راجندر پوار سے موبائل فون پر رابطہ کرنےکی کوشش کی لیکن انہوںنےفون ریسیو  نہیں کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK