رویندر چوہان نے ایوان سے غائب رہنے والے اراکین اور وزراء پر کارروائی کا انتباہ دیا، نئی ہدایت جاری۔
EPAPER
Updated: March 13, 2026, 12:26 PM IST | Mumbai
رویندر چوہان نے ایوان سے غائب رہنے والے اراکین اور وزراء پر کارروائی کا انتباہ دیا، نئی ہدایت جاری۔
قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس جاری ہے۔ بی جے پی کے کئی اراکین اسمبلی اس اجلاس سے غیر حاضر ہیں جس کی وجہ سے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان ناراض ہیں۔ انہوں نے غیر حاضر رہنے والےاراکین کی سرزنش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اراکین اپوزیشن کو ہلکے میں نہ لیں، انہوں نے اجلاس سے غیر حاضر رہنے والوں کے ہاتھ میں ان کا رپورٹ کارڈ تھمایا ہے۔ساتھ ہی نانہوں نے پارٹی کے تمام وزراء اور اراکین اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ اب سے انہیں اپنی غیر حاضری کی تحریری وجہ بتانی ہوگی، ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: میگھالیہ: ویسٹ گارو ہلز میں تشدد، ۲؍افراد ہلاک، مسجد میں توڑ پھوڑ، کرفیو نافذ
رویندر چوہان قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی کے اراکین اسمبلی اور وزراء کی غیر حاضری پر کافی برہم نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اب سے تمام اراکین اسمبلی اور وزراء کو صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے شام کارروائی ختم ہونے تک ایوان میں بیٹھنا ہوگا۔اب سے پارٹی تمام بی جے پی اراکین اور وزراء پر گہری نظر رکھے گی۔اس کیلئے ۵؍ اراکین کا ایک گروپ بنایا گیا ہے اور رکن اسمبلی کو اس گروپ کی قیادت سونپی گئی ہے۔
یہ لوگ اس بات کا مشاہدہ کریں گےکہ پارٹی کے اراکین اسمبلی ایوان کی کارروائی میں کتنا وقت حصہ لیتے ہیں؟ کتنے سوالات اٹھاتے ہیں وغیرہ، مذکورہ گروپہ اس کی تفصیل ریاستی صدر رویندر چوان کو پیش کرے گا۔ جبکہ پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل وزراء کے معاملات پر نظر رکھیں گے۔ اگر کوئی میٹنگ یا اسی طرح کے اہم کام سے ایوان سے غیر حاضر رہتا ہو تواس وزیر کو پارٹی کو تحریری مشترکہ وجہ بتانی ہوگی۔ پارٹی بغیر کسی عذر کے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی جبکہ پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل وزراء کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اسلئے اب بی جے پی کے تمام اراکین اسمبلی اور وزراء کو پارٹی کے بتائے گئے تمام اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ملک میں ایل پی جی، تیل اور پیٹرولیم کی کوئی کمی نہیں: پوری
یاد رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کے گزشتہ سرمائی اجلاس اور حالیہ بجٹ اجلاس میں کئی بار ایسا ہوا کہ اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں کوئی سوال پوچھا گیا لیکن جواب دینے کیلئے متعلقہ محکمے کے وزیر موجود نہیں تھے ۔ جبکہ حکمراں جماعت کے کئی اراکین بھی اہم مواقع پر ایوان میں نظر نہیں آئے جسے اپوزیشن نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اب بی جے پی نے ایسے وزراء اور اراکین پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ایسی صورتحال کی وجہ سے اپوزیشن کو حکومت پر انگلی اٹھانے کا موقع ملتا ہے۔