• Tue, 06 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہائی کورٹ نے الہاس نگر کے نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب پر اسٹے لگا دیا

Updated: October 06, 2026, 11:52 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ulhasnagar

الہاس نگر میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کے تعلق سے پیدا ہونے والا تنازعہ اب بامبے ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔

Bombay High Court. Picture: INN
بامبے ہائی کو رٹ کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

الہاس نگر میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کے تعلق سے پیدا ہونے والا تنازعہ اب بامبے ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے انتخابی عمل میں مبینہ دھاندلی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کے بعد دائر کی گئی رِٹ پٹیشن پر پیر کو سماعت کرتے ہوئے معزز ہائی کورٹ نے نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کے پورے عمل پر حکمِ امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد فی الحال نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب سے متعلق تمام کارروائیاں معطل ہوگئی ہیں۔اس فیصلہ سے بی جے پی اور شندے سینا میں جاری رسہ کشی مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو الہاس نگر میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹروں کا  انتخاب عمل میں آیا تھا جس میں شیوسینا(شندے) نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے ۵؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کے حصے میں ۲؍ نشستیں آئی تھیں۔

بی جے پی کی جانب سے دھننجے بوڈارے، راجندر شریکھنڈے، کپل اڈسول اور پردیپ رام چندانی سمیت ۴؍ امیدواروں کے نام پیش کئے گئے تھے۔تاہم درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران تکنیکی خامیوں کی بنیاد پر کپل اڈسول اور پردیپ رام چندانی کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھئے:کلیان: ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر پر ریلوے ملازمہ سے بدسلوکی کا الزام

اس کے نتیجے میں بی جے پی کو ۲؍ نشستوں سے محروم ہونا پڑا۔بی جے پی نے اس کارروائی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ شندے سینا سے تعلق رکھنے والی میئر اشونی نکم نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کےامیدواروں کی درخواستیں غیرمنصفانہ اور غیرقانونی طریقے سے مسترد کیں جس کے نتیجہ میں شیوسینا (شندے) کے ۵؍ نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کی راہ ہموار ہوئی۔

انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے الزامات کو بنیاد بناتے ہوئے بی جے پی کے راجیش وڈھاریا نے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔پیر کو اسی عرضداشت پر سماعت کے دوران عدالت نے الہاس نگر میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب کے عمل پر حکمِ امتناعی جاری کردیا۔ہائی کورٹ کے اس عبوری حکم کے بعد نامزد کارپوریٹروں کے انتخاب سے متعلق فی الحال پوری کارروائی پر روک لگ گئی ہے۔ عدالت کے آئندہ احکامات کے بعد ہی اس معاملے میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK