• Tue, 06 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر پر ریلوے ملازمہ سے بدسلوکی کا الزام

Updated: October 06, 2026, 11:49 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

مہاراشٹر نو نرمان سینا کے عہدیداران اور کارکنان نے دفتر میں گھس کر ریلوے افسر کی پٹائی کردی۔

MNS workers beating up the Deputy Station Master (right). Photo: INN
ایم این ایس کارکنان ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر(دائیں) کی پٹائی کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

کلیان ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون  کے ساتھ اعلیٰ عہدیدار کے مبینہ نازیبا سلوک اور ہراسانی کے معاملے نے محکمہ ریلوے میں کھلبلی مچا دی ہے۔الزام ہے کہ شکایت کے باوجود محکمہ جاتی سطح پر مؤثر کارروائی نہ ہونے سے معاملہ اس قدر سنگین ہوگیا کہ مہاراشٹر نو نرمان سینا( ایم این ایس)کے مشتعل کارکنان ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر کے دفتر میں داخل ہوگئے اور ان کی ساتھ مارپیٹ کی۔ واقعہ کے بعد کلیان گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔

کلیان ریلوے اسٹیشن پر تعینات ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر آشوتوش کمار پر ایک ملازمہ نے سنگین اخلاقی حدود پار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔متاثرہ خاتون کا موقف ہے کہ مذکورہ افسر طویل عرصے سے نامناسب پیغامات بھیج کر اور اپنے گھر آنے کا دباؤ ڈال کر اسے ذہنی و نفسیاتی طور پر ہراساں کر رہا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ خاتون نے سب سے پہلے اس ناپسندیدہ صورتحال سے ریلوے کے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے مبینہ چشم پوشی سے دل برداشتہ ہو کر خاتون نے ایم این ایس کی ریلوے وِنگ سے انصاف کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھئے:دہلی میں خاتون صحافی کے ساتھ بدسلوکی کے ملزم افسر کوترقی دیدی گئی

شکایت ملتے ہی ایم این ایس ریلوے یونٹ کے عہدیدار پرتھمیش مہاترے کارکنوں کے ہمراہ اسٹیشن پہنچے اور آشوتوش کمار کو طلب کر کے متاثرہ خاتون کے روبرو الزامات پر باز پرس شروع کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق جب مبینہ فحش پیغامات اور غیر اخلاقی تقاضوں کے بارے میں پوچھا گیا تو ریلوے افسر تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا اور ٹال مٹول سے کام لینے لگا۔ اس پر ایم این ایس کے کارکن مشتعل ہوگئے اور انہوں نے دفتر کے احاطے میں ہی آشوتوش کمار پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے ان کی زبردست پٹائی کر دی۔

جی آر پی نے کیس درج کیا

ہنگامہ آرائی اور مار پیٹ کی اطلاع ملتے ہی جی آر پی کے اہلکار اور اعلیٰ افسران جائےوقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس اہلکاروں نے بڑی مشقت کے بعد بیچ بچاؤ کرایا اور ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر کو اپنی تحویل میں لےکر محفوظ طریقے سے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔بعد ازاں متاثرہ خاتون بھی ایم این ایس عہدیداروں اور کارکنوں کیساتھ پولیس اسٹیشن پہنچی اور باقاعدہ قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جی آر پی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی تحریری شکایت اور فراہم کردہ شواہد کی بنیاد پر ملزم آشوتوش کمار کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK