• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرس میں ہند رجب کے نام سے ’’کراس واک‘‘ بنانے کی منظوری

Updated: November 24, 2026, 9:02 PM IST | Paris

غزہ میں جان بچانے کی اپیل کرتے ہوئے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والی ۵؍ سالہ فلسطینی بچی ہند رجب کی یاد اب فرانس کے دارالحکومت پیرس کے عوامی مقامات میں بھی محفوظ کی جائے گی۔ پیرس سٹی کونسل نے بچی کے نام سے ایک پیدل گزرگاہ (کراس واک) منسوب کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے۔ یہ اعزاز اس سانحے کی یاد دہانی بھی ہوگا جس میں ہند کے ساتھ اسے بچانے کے لیے جانے والے ۲؍ طبی کارکن بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

Hind Rajab. Photo: X
ہند رجب۔ تصویر: ایکس

فرانس کے دارالحکومت پیرس کی سٹی کونسل نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والی ۵؍ سالہ فلسطینی بچی ہند رجب کے نام سے شہر کی ایک عوامی پیدل گزرگاہ منسوب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو ہونے والے کونسل اجلاس میں کیا گیا، جہاں کمیونسٹ گروپ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ اس تجویز کو کونسل کی رکن رافیل پریمے (Raphaëlle Primet) نے پیش کیا تھا۔ تاہم، ابھی یہ طے نہیں کیا گیا کہ پیرس کی کون سی گزرگاہ کو ہند رجب کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ رافیل پریمے نے کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہند رجب کو غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ہزاروں فلسطینی بچوں کی علامت قرار دیا۔ ان کے مطابق ہند کا نام صرف ایک بچی کی یادگار نہیں بلکہ ان بچوں کی یاد بھی زندہ رکھے گا جن کی زندگی جنگ نے چھین لی اور جن کی کہانیاں دنیا تک نہیں پہنچ سکیں۔ انہوں نے ہند کو غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے ۲۱۷۰۰؍ سے زیادہ بچوں کا ’’چہرہ‘‘ قرار دیا۔ پریمے نے کہا کہ پیرس میں اس بچی کے نام سے ایک عوامی مقام منسوب کرنے کا مقصد اس کی یاد کو برقرار رکھنا اور بچوں کے حقوق کی اہمیت یاد دلانا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: فرانسیسی صدارتی امیدوار کا اسرائیل سے فلسطینی ڈاکٹر کی رہائی کا مطالبہ

کونسل میں ہند کے نام سے گزرگاہ منسوب کرنے کی ایک الگ تجویز نوو پیرس پاپولیر (Nouveau Paris Populaire) گروپ نے بھی پیش کی تھی، تاہم اسے مسترد کردیا گیا اور کمیونسٹ گروپ کی قرارداد منظور ہوئی۔ پیرس کے کمیونسٹ گروپ کے شریک سربراہ ایان بروسّا (Ian Brossat) نے بھی سوشل میڈیا پر فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہند رجب غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ہزاروں بچوں کی علامت بن چکی ہے۔ ہند رجب ۲۹؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو غزہ شہر سے اپنے خاندان کے ساتھ گاڑی میں نقل مکانی کررہی تھیں، جب ان کی گاڑی اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی زد میں آگئی۔ گاڑی میں ہند کے علاوہ خاندان کے ۶؍  افراد بھی موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کے افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ ہند گاڑی میں زندہ مگر شدید خطرے کی حالت میں پھنس گئیں۔ ان کے گرد خاندان کے افراد کی لاشیں موجود تھیں اور وہ خود بھی خوف اور تکلیف میں مدد کی منتظر تھیں۔ ہند نے فلسطینی ہلالِ احمر (Palestine Red Crescent Society) کے ہنگامی امدادی مرکز سے فون پر رابطہ کیا اور امدادی کارکنوں سے انہیں وہاں سے نکالنے کی التجا کرتی رہیں۔ ان کی فون کال کی ریکارڈنگ بعد میں منظرِ عام پر آئی اور دنیا بھر میں لوگوں نے اسے سنا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں بچی کی خوف زدہ آواز اور بار بار مدد کی درخواست نے غزہ میں شہریوں، خصوصاً بچوں، کی صورت حال کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی۔

یہ بھی پڑھئے: تباہ حال جبالیہ میں فلسطینی بچوں کی دوڑ، ’زندگی اور حوصلے‘ کا پیغام

ہند کو بچانے کے لیے فلسطینی ہلالِ احمر نے ایمبولینس روانہ کی، لیکن اس میں سوار ۲؍ طبی کارکن، احمد المذہون اور یوسف زینو، بھی ہلاک ہوگئے۔ ان کی گاڑی بھی حملے کی زد میں آگئی اور وہ بچی تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ہند اور ان کے خاندان کے افراد کی لاشیں ۱۰؍ روز بعد ۷؍ فروری ۲۰۲۴ء کو اس گاڑی سے برآمد ہوئیں، جب کہ امدادی کارکنوں کی لاشیں بھی بعد میں ملیں۔ ہند کی آخری فون کال کی ریکارڈنگ نے اس واقعے کو عالمی سطح پر ایک نمایاں انسانی المیے کی صورت دے دی۔ اس کی بنیاد پر تیونس کی فلم ساز کوثر بن ہنیہ (Kaouther Ben Hania) نے فلم ’’دی وائس آف ہند رجب‘‘ (The Voice of Hind Rajab) بنائی، جس میں بچی کی مدد کے لیے آنے والی فون کالز اور امدادی کارکنوں کی کوششوں کو فلمی انداز میں پیش کیا گیا۔ اس فلم نے ستمبر ۲۰۲۵ء میں وینس فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کیا اور بعد میں آسکر کے لیے بھی نامزد ہوئی۔ پیرس سٹی کونسل کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے مختلف شہروں میں غزہ کے متاثرین کی یاد میں عوامی تقریبات، مظاہرے اور یادگاری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پیرس پہلے بھی غزہ کے شہریوں کے لیے اعزازی شہریت کا اعلان کرچکا ہے۔ ہند رجب کے نام سے گزرگاہ منسوب کرنے کی منظوری اس سلسلے میں ایک اور علامتی اقدام ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایک ایسی بچی کا نام شہر کی شہری زندگی کا حصہ بنے گا جس کی مدد کے لیے کی گئی آخری اپیل دنیا بھر میں سنی گئی، مگر اسے بچایا نہ جاسکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK