• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطین اور یورپی یونین کا عام انتخابات کی تیاری کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پراتفاق

Updated: November 24, 2026, 9:27 PM IST | Ramallah

فلسطین اور یورپی یونین نے عام انتخابات کی تیاری کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا ہے، فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ اور مغربی کنارے، غزہ اور انروا میں یورپی یونین کے نمائندے آندریاس فیڈلر نے منگل کو قانون ساز اور صدارتی انتخابات کی تیاری کے لیے مشترکہ فلسطینی-یورپی تکنیکی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ  کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فلسطین اور یورپی یونین نے عام انتخابات کی تیاری کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا ہے، فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ اور مغربی کنارے، غزہ اور انروا میں یورپی یونین کے نمائندے آندریاس فیڈلر نے منگل کو قانون ساز اور صدارتی انتخابات کی تیاری کے لیے مشترکہ فلسطینی-یورپی تکنیکی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔یہ اتفاق رام اللہ میں الشیخ اور فیڈلر کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا، جس میں یورپی یونین آفس کے کمیونیکیشن آفیسر شادی عثمان اور نائب صدر کے چیف آف اسٹاف آیہ المحسین نے بھی شرکت کی۔ بیان میں الشیخ نے کہا، ’’ملاقات میں قانون ساز اور صدارتی انتخابات سے متعلق تازہ ترین پیش رفت، ان انتخابات کی تیاری کی ضرورت اور شفاف و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب حالات پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر بات چیت ہوئی۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’اس مقصد کے لیے مشترکہ فلسطینی-یورپی تکنیکی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔‘‘تاہم بیان میں کمیٹی کے اختیارات یا اس کے کام شروع کرنے کے وقت کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے ملک واپسی میں سہولت کے مطالبے پر سخت ردعمل

واضح رہے کہ فلسطین میں آخری قانون ساز انتخابات۲۰۰۶ء میں ہوئے تھے، جب حماس نے اکثریتی نشستیں جیتی تھیں۔۲۰۰۷ء میں حماس اور فتح گروپوں کے درمیان داخلی لڑائی شروع ہوئی، جو حماس کے غزہ کی پٹی پر قبضے کے ساتھ ختم ہوئی، جبکہ فتح کی قیادت والی فلسطینی اتھارٹی مقبوضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر قابض رہی۔بعد ازاں فلسطینی قانون ساز کونسل۲۰۰۷ء سے کام نہیں کر رہی ہے اور۲۰۱۸ء میں فلسطینی آئینی عدالت کے فیصلے سے اسے باضابطہ طور پر تحلیل کر دیا گیا تھا۔ ۱۵؍ جنوری۲۰۲۶ء کو جاری کردہ صدارتی فرمان میں۲۸؍ نومبر کو قانون ساز انتخابات کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن فلسطینی قیادت نے بعد میں انہیں۱۱؍ ستمبر۲۰۲۷ء تک ملتوی کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے: محمود عباس کا اعلان: فلسطینی عوام بے دخلی قبول نہیں کرینگے، دوسری نکبہ نہیں ہوگی

فلسطینی اتھارٹی نے ملتوی کرنے کی وجہ اسرائیلی رکاوٹیں اور سیاسی، سیکیورٹی و زمینی حالات کو قرار دیا، جن میں غزہ میں انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری حالات کا فقدان، الیکشن کمیشن اور مبصرین کے کام پر پابندیاں اور مقبوضہ مشرقی یروشلم و مغربی کنارے میں پابندیاں شامل ہیں۔ جبکہ مبصرین کا کہنا ہے کہ مشترکہ کمیٹی کا قیام فلسطینی سیاسی عمل کو بحال کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، لیکن زمینی حقائق، خاص طور پر غزہ کی صورتحال اور مشرقی یروشلم میں پابندیاں، بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔علاوہ ازیں فلسطینی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ شفاف انتخابات کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس کے لیے بین الاقوامی ضمانتیں اور اسرائیلی رکاوٹوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ مزید برآں یورپی یونین نے انتخابات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ تکنیکی و لاجسٹک مدد فراہم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK