مرکز ی اور ریاستی حکومت پر عوام کو’’اچھے دن‘‘کے نام پر دھوکہ دینے اور مہنگائی کی کھائی میں دھکیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کی جانب سے ہنگولی کے مہاتما گاندھی چوک میں زبردست احتجاج کیا گیا۔
مہنگائی۔ تصویر:آئی این این
مرکز ی اور ریاستی حکومت پر عوام کو’’اچھے دن‘‘کے نام پر دھوکہ دینے اور مہنگائی کی کھائی میں دھکیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کی جانب سے ہنگولی کے مہاتما گاندھی چوک میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس دوران بڑھتی مہنگائی، کسانوں اور بے روزگاری سے متعلق نوجوانوں کے حل طلب مسائل اور انتظامی بدعنوانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کارکنان نے سڑک پر کھانا پکا کر حکومت مخالف نعرے لگائے ساتھ ہی مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں مستقبل میں’شیوسینا اسٹائل‘میں احتجاج کرنے کا انتباہ بھی دیا ۔احتجاج کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے اور ضروری اشیاء کی قیمتیں کم کرنے کیلئے حکومت فوری اور موثر اقدامات کرے۔ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور کسانوں کو فصل بیمہ کی رقم فراہم کی جائے۔اس کے علاوہ نافیڈ کے تحت خریدی گئی زرعی اجناس کی رقم ادا کئے بغیر فرار ہونے والے ادارہ چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کسانوں کی رقم واپس دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ جل جیون یوجنا میں ہوئی بدعنوانی کی جانچ کرکے قصورواروں کے خلاف مقدمات درج کرنے، ضلع میں مجوزہ ’کھربی بندھارا‘ پروجیکٹ کو منسوخ کرنے اور ہنگولی ضلع سے گزرنے والے ’’شکتی پیٹھ مارگ‘‘کو رد کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین نے کہا کہ کسانوں، نوجوانوں اور طلبہ کے زیر التوا مسائل فوری حل کئے جائیں، بصورت دیگر ’شیوسینا اسٹائل‘ میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے دوران کارکنان نے حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور مہنگائی کے خلاف علامتی طور پر سڑک پر کھانا پکا کر اپنا غصہ ظاہر کیا۔اس موقع پر ضلع رابطہ انچارج ببن راؤ تھورات، ضلع صدر سندیش دیشمکھ، ضلع صدر اجے ساونت عرف گوپو پاٹل، سنیل کالے، دلیپ گھوگے، بھیا پاٹل سینگاؤکر، وسیم دیشمکھ، ماؤلی جھٹے، سوپان پاٹل، گنیش راؤ شندے، انل کدم، اُدھوراؤ گائیکواڑ، چندرکانت دیشمکھ، پرمیشور مانڈگے، سکھارام اُبالے، بھاؤراؤ جادھو، آنند راؤ جگتاپ، انل شندے سمیت شیو سینا کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔اجے پاٹل ساونت نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت نے عوام کو’’اچھے دن‘‘ کا خواب دکھایالیکن آج مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور عام شہریوں کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔