• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں مسلم نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اشارہ

Updated: October 25, 2025, 11:10 PM IST | Patna

تیجسوی یادو نے کہا کہ نتائج کےبعدمختلف طبقات کو نمائندگی دینے کیلئے یہ قدم اٹھایا جائے گا،وزیر اعظم مودی پر بہار کو بدنام کرنے کا الزام لگایا

NDA is scared of the crowds that flock to Tejashwi Yadav`s rallies. (Photo: Courtesy X)
تیجسوی یادو کی ریلیوں میں امڈنے والی بھیڑ سے این ڈی اے خوفزدہ ہے ۔(تصویر: بشکریہ ایکس)

اسمبلی انتخابات کی گہما گہمی میں لفظی جھڑپوں  اور جوابی حملوں کا دور جاری ہے ۔اسی کڑی میں اپوزیشن لیڈر اور مہاگٹھ بندھن کی طرف سے وزیراعلیٰ کے عہدہ کے امیدوار تیجسوی یادو نے انتخابی مہم کے لئے نکلتے وقت میڈیا سے گفتگو میں کئی اہم باتیں کہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نےاین ڈی اے پر شدید حملے بھی کئے۔ تیجسوی نے  ہندوستان ٹائمز سے خصوصی بات چیت میں واضح طور پر کہا کہ الیکشن کے بعد جب نتائج آئیں گے توپورا ملک دیکھے گا کہ کس طرح سے عوام نے این ڈی اے خیمہ اکھاڑ پھینکا ہے۔ ساتھ ہی تیجسوی نے یہ واضح اشارہ دیا کہ نتائج کے بعد ریاست میں مسلم نائب وزیر اعلیٰ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جو حکومت قائم ہو گی وہ سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی حکومت ہو گی۔ اس میں بہار کے ہر شہری کی حصہ داری ہو گی۔ جہاں تک بات ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کی تو ہم ابھی یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مختلف طبقات کو اقتدار میں حصہ داری دینے کے تحت ہم مسلم سماج سے نائب وزیر اعلیٰ بناسکتے ہیں۔ اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جس طرح سے مکیش سہنی جی کو ای بی سی کوٹے سے نائب وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا ہے اسی طرح دیگر اہم طبقات کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ تیجسوی نے اپنی بات میں زور پیدا کرنے کے لئے کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا بیان بھی دہرایاکہ انہوں نے بھی دیگر طبقات سے مزید نائب وزرائے اعلیٰ بنانے کی بات کی تھی ۔ تیجسوی نے کہا کہ جو بات اشوک گہلوت جی کہہ چکے ہیں وہی بات میں دہرارہا ہوں کہ کسی بھی طبقے کو بہار کی ترقی کی دوڑ میں نظر انداز نہیں کیا جائے گا ۔
   اس گفتگو کے دوران این ڈی اے اور وزیر اعظم مودی کے تعلق سے سوال پوچھے جانے پر   وزیر اعظم مودی پر زور دار حملہ کیا ۔ انہوں نے میڈیا کے سوالوں کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی کل (جمعہ )کی تقریر کے ہر لفظ اور جملے کو غور سے سنیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان کا ایک بھی لفظ مثبت یا نتیجہ خیز نہیں تھا۔ وہ صرف بہار کو بدنام کرنے اور بہار کی منفی تصویر پیش کرنے کے لئے آتے ہیں ۔ تیجسوی  نے کہا کہ مودی جی اور امیت شاہ گجرات میں بلٹ ٹرین، ہیوی الیکٹریکل فیکٹری کے آغاز کی بات کریں گے ۔ گجرات میں مودی جی کے نام پر سب سے بڑا اسٹیڈیم بنے گا اور دنیا کی بڑی کمپنیوں کو زبردستی مہاراشٹر سے گجرات لے جائیں گے، دوسرے ملکوں کے وزرائے اعظم اور صدور کو گجرات لے جائیں گے۔ تعلیم ، صحت ،کھیل اور بنیادی ڈھانچے کے لیے بہار کے حصے کا پورا بجٹ گجرات لے جائیں گےاور بہار آکر صرف ووٹ کی بات کریں گے ۔ انہوں نے بہار کی ڈبل انجن سرکار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰ ؍سال سے ڈبل انجن والی حکومت ہے، مودی جی بتائیں کہ جب سے وہ مرکز میں ہیں تب سے بہار کو کیا دیا اور گجرات کو کیا دیا؟ دونوں ریاستوں کا تقابلی ڈیٹا پیش کریں۔
  تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار ہر لحاظ سے گجرات سے بڑا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے ساتھ ہی وزیرداخلہ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار میں اتنی بڑی آبادی ہے کہ ہر دسواں ہندوستانی بہاری ہے، پھر بھی یہ دونوں گجراتی بہار کو کچھ نہیں دیں گے اور الیکشن کے وقت عوام کو گمراہ کرکے ووٹ حاصل کریں گے ۔لیکن اب وقت  اور حالات تبدیل ہوں گے کیوں کہ بہار کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK