• Sat, 25 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی سمستی پور ، تیجسوی سہرسہ اور امیت شاہ بکسر میں

Updated: October 24, 2025, 11:59 PM IST | Patna

بہار اسمبلی انتخابات کیلئے دھواں دھار ریلیوں کا آغاز،وزیر اعظم نے نتیش کو ہی لیڈر قرار دیا۔ امیت شاہ نے شہاب الدین کو نشانہ بنایا۔ تیجسوی کا ’کرپشن فری ‘ سرکار کا وعدہ

Prime Minister Modi and Nitish Kumar during a rally in Samastipur.
وزیر اعظم مودی اور نتیش کمارسمستی پور میں ریلی کے دوان ۔

دیوالی کا تہوار مکمل ہوتے ہی بہار میں دھواں دھار ریلیوں کے سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ بی جے پی اور این ڈی اے نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو میدان میں اتار دیا جبکہ مہا گٹھ بندھن کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو نے بھی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکئی اہم وعدے کئے اور انہوں نے پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ 
وزیر اعظم نے انتخابی مہم کا بگل بجادیا 
 جمعہ کووزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جہاں ایک ساتھ سمستی پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا  وہیں بیگوسرائے کے جلسے میں وزیراعظم کے ساتھ نتیش کمار نہیں تھے۔ انہوںنےاس دوران داناپور میں بی جےپی امیدوار رام کرپال یادو کی انتخابی ریلی میں شرکت کی۔ وزیراعظم مودی  نے اپنے خطاب میں جہاں بہار میں ’وکاس‘ کی رفتار تیز کرنے کی بات کہی ، وہیں انہوں نے ’جنگل راج‘ کے حوالے سے لالو رابڑی راج کو بھی نشانہ بنایا۔ وزیراعظم مودی نے سمستی پو راور بیگوسرائے میں لالو رابڑی کی حکومت کو نشانہ بنانے کے ساتھ ہی کانگریس پر بھی سخت تنقید کی ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ہی میں بہار کو ’جنگل راج‘ سے نجات ملی ہے۔ وزیراعظم نے جلسہ میں آئے لوگوں سے اپنے اپنے موبائل سے لائٹ جلانے کی اپیل کرتے ہوئے پوچھا کہ ’لالٹین کا زمانہ چاہتے ہیں،یا روشنی کا زمانہ ‘ ، لوگوں نے جواب دیا : روشنی کا۔ وزیراعظم کے اس اشارے کو نتیش کی قیادت کی تصدیق کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم نے نتیش کو این ڈی اے کا لیڈر قرار دیا ہے۔  وزیراعظم نے نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ہی میں ’سوشاسن ‘ آیا ، اب بہار کو خوشحالی میں بدلنے کا وقت آگیا ہے۔وزیراعظم مودی نے آرجے ڈی اور کانگریس کو بدعنوانی کاخاندان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اراکین ضمانت پر باہر ہیں۔  بہار کے لوگ اچھی حکمرانی والی حکومت چاہتے ہیں اور این ڈی اے پر یہ اعتماد ریاست کو ترقی کے ایک نئے دور میں لے جا ئےگا ۔
 امیت شاہ نے شہاب الدین کو نشانہ بنایا 
  دریں اثناء بکسر اور سیوان میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتےہوئے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے  ایک بار پھر مرحوم شہاب الدین اوران کے بیٹے اسامہ شہاب کو نشانہ بنایا۔امیت شاہ نے کہاکہ مرکز میں نریندر مودی اور بہارمیں نتیش کمار کی حکومتوں نے بہار کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کا کام کیا ہے ۔ ۲۰؍سال تک سیوان کی سرزمین نے لالو رابڑی کے جنگل راج کو برداشت کیا۔ سیوان کے لوگوں نے شہاب الدین کے خوف، قتل اور مظالم کو سہا ہے۔ زمین لہولہان ہو گئی لیکن سیوان کے لوگ جھکے نہیں۔ لالو رابڑی کی حکمرانی کو جڑسے اکھاڑ پھینکا ۔ انہوں نے کہا کہ آج لالو یادو نے اسی شہاب الدین کے بیٹے کو رگھوناتھ پور اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے، لیکن میں سیوان کے لوگوں کو یہ بتانے آیا ہوں کہ اگر ملک میں نریندر مودی اور بہار میں نتیش کمار کی ڈبل انجن والی حکومت ہوگی تو ۱۰۰؍شہاب الدین بھی آجائیں ،کسی کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔ ہم شہاب الدین کے نظریے کو کسی صورت جیتنے نہیں دیں گے۔
تیجسوی یادو کا وعدہ 
  جہاں وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ نے ریلیاں کیں وہیں جمعہ کو سہر سہ کے سلکھوا بازار میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی کی حکومت بنتی ہے تو لوگ پریشانیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔ہم کرپشن فری حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ روزگار دیں گے اور غریبوں کو ہر سہولت پہنچائیں گے ۔  مہاگٹھ بندھن سے وزیر اعلیٰ کاچہرہ بننے کے بعد تیجسوی یادو نے کہاکہ اگر عوام انہیں وزیر اعلیٰ منتخب کرتے ہیں تو بہار کے عوام پریشانیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔ہماری سیاست جھوٹ پر نہیں اعتماد پر مبنی ہے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنتی ہے تو ہر خاندان میں ایک سرکاری نوکری دینے کا وعدہ ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔باقی صفحہ ۹؍ پر ملاحظہ کریں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK