Inquilab Logo

مکہ مکرمہ میں اپنی نوعیت کا منفرد’حرا ثقافتی مرکز‘توجہ کا مرکز

Updated: February 01, 2023, 12:52 PM IST | Mecca

اس مرکز کو۶۷؍ ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں غار حرا اور اولین وحی کے نزول کے علاوہ قرآن مجید کی جمع و تدوین اور طباعت کی تاریخ جدید انداز میں پیش کی گئی ہے

Photo Cultural Centre
تصویر حراثقافتی مرکز

سعودی عرب میں اپنی نوعیت کے منفرد منصوبہ ’حرا ثقافتی مرکز‘توجہ کا مرکز بن  گیا ہے ۔ اس کا نا م غار حرا کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔  یادر ہے کہ غار حرا کو اسلامی تاریخ میں خاصی اہمیت حاصل ہے۔ سیرت کی کتابوں  میں اس کا تفصیلی ذکرموجود ہے۔  مر کز میں ان تمام تاریخی واقعات کو جدید ذرائع سے بیان کیا  جارہا ہے۔ گزشتہ دنوں مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل  نے حرا ثقافتی مرکز کا افتتاح کیا ۔
    حرا ثقافتی مرکز حرا پہاڑ کے قریب تیار کیا گیا ہے جہاں اولین وحی کانزول ہوا تھا۔حرا ثقافتی مرکز۶۷؍ ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر ہونے والا منصوبہ ہے جس میں غار حرا اور اولین وحی کے نزول کے علاوہ قرآن مجید کی جمع و تدوین اور طباعت کی تاریخ   جدید انداز میں پیش کی گئی ہے۔مرکز میں متعدد ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا  جارہا  ہے ۔ علاوہ ازیں پہاڑ کی چوٹی پر واقع غار تک جانے کا راستہ بھی بنایا گیا ہے۔
  اہم بات یہ ہےکہ حرا ثقافتی مرکز میں قرآن مجید کے قدیم نسخوں کے علاوہ قرآن مجید کی خطاطی اور طباعت پر بھی روشنی ڈالی جائے گی جس میں عازمین حج، عمرہ زائرین اور سیاحوں کی دلچسپی کا خاص خیال  رکھا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق  گزشتہ دنوں حرا ثقافتی مرکز زائرین کیلئے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اسی کے تحت  خواہشمند افراد کیلئے غار حرا تک جانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔   یہاں  سعودی حکومت کی طرف سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں جس کے تحت کوئی بھی شخص پہاڑ کے نچلے حصے سے لیکر چوٹی تک آسانی کے ساتھ جاسکتا ہے، کیونکہ غار حرا تک جانے کیلئے ایک آرام دہ راستہ بھی بنایا گیا ہے ۔ حرا ثقافتی مرکز کے تحت پہاڑ کے آغاز  میں ایک جگہ مختص کی گئی ہے جہاں  مرکز برائے زائرین، القرآن کریم عجائب گھر، الوحی نمائش گھر اور تجارتی مرکز  ہیں ۔ زائرین کے آرام اورتحفظ کیلئے  بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ آئندہ یہ اسلامی تاریخ اور تہذیب وثقافت کا اہم مر کز ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK