۱۸؍ سال بعد معاہدہ پایہ تکمیل کو پہنچا، وزیراعظم مودی نے اسے’’مشترکہ خوشحالی کا نیا خاکہ‘‘ سے تعبیر کیا، یورپی کونسل کے صدر نے عالمی نظام کیلئے واضح پیغام بتایا
EPAPER
Updated: January 27, 2026, 11:24 PM IST | New Delhi
۱۸؍ سال بعد معاہدہ پایہ تکمیل کو پہنچا، وزیراعظم مودی نے اسے’’مشترکہ خوشحالی کا نیا خاکہ‘‘ سے تعبیر کیا، یورپی کونسل کے صدر نے عالمی نظام کیلئے واضح پیغام بتایا
ہندوستان اور یورپی یونین نےتوقع کے مطابق منگل کو آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر مذاکرات کی تکمیل کا اعلان کیا۔اس کے تحت یورپی یونین ہندوستان کی جانب سے خطے کو برآمد کی جانے والی۹۹ء۵؍ فیصد اشیا پر ٹیرف ختم کر دے گی۔معاہدہ نافذ ہوتے ہی زیادہ تر ٹیرف فوری طور پر صفر ہو جائیں گے۔دوسری جانب ہندوستان نے دونوں معیشتوں کے درمیان تجارت کی مجموعی قدر کے۹۷ء۵؍ فیصد حصے پر ٹیرف میں رعایت دی ہے۔ وزیر تجارت پیوش گوئل اور یورپی کمشنر برائے تجارت و اقتصادی سلامتی ماروش شیفکووچ نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی موجودگی میں مذاکرات کی تکمیل سے متعلق مشترکہ اعلان پر دستخط کئے۔
معاہدہ پر پہلی گفتگو ۲۰۰۷ء میں ہوئی تھی تاہم تعطل کے بعد ۲۰۲۲ء میں دوبارہ مذاکرات شروع ہوئے جو پابندی کے ساتھ جاری رہے۔ اس طرح تقریباً ۲؍ دہائی بعد یہ ایسے وقت میں پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جب ٹرمپ نے ’’ٹیرف دہشت گردی‘‘ پھیلا رکھی ہے۔ یورپی کونسل کے صدر انٹونیو کوسٹا نے اس معاہدہ کو عالمی نظام کیلئے واضح پیغام قراردیا ہے جبکہ وزیر اعظم مودی نے اسے ’’مشترکہ خوشحالی کا نیا خاکہ‘‘ قراردیا۔ انہوں نے ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو عالمی بھلائی کی شراکت داری قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ آج کے چیلنجز سے نپٹنے کیلئے عالمی اداروں کی اصلاح ضروری ہے۔