Inquilab Logo

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ، ہزاروں افراد کی شرکت

Updated: March 26, 2023, 9:21 AM IST | lahore

پاکستان کی وزیر اطلاعات نے عمران خان کو ’فراڈیا‘ اور’ دہشت گرد‘ قرار دیا ، ان کے مطابق جس نےملک کو تباہی اور تقسیم کی دلدل میں ڈالا ہو وہ نکال نہیں سکتا وہ صرف فراڈیا اور دہشت گرد ہوتا ہے

A family participating in the PTI rally.
پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک ایک خاندان ۔

: سنیچر کو لاہور میںپاکستان  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )  کے تاریخی اجلاس میں  ہزاروں کی افراد نے شرکت کی۔  خبر لکھے جانے تک عمران نے خطاب نہیں کیا تھا۔  قبل ازیں پاکستان کے سابق وزیراعظم  پی ٹی آئی کے چیئرمین  عمران خان نے پارٹی کارکنوں سے لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی او ر یہ  دعویٰ کیا ہے کہ آج رات مینارِپاکستان پر ہمارا جلسہ پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دےگا۔
 عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا،’’آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہےاور میرا دل کہہ رہا ہےکہ یہ پہلے تمام ریکارڈز توڑ دے گا، میری لاہور میں سب کو دعوت ہےکہ نمازِ تراویح کے بعد اس تاریخی جلسے میں شریک ہوں۔‘‘ اسی دوران  پی ٹی آئی سربراہ نے سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ،’’ یہ  حکومت مینار پاکستان کا جلسہ فلاپ کرنا چاہتے ہیں۔ میری سب سے درخواست ہے نماز تراویح کے بعد مینار پاکستان پہنچیں۔یہ آج اپنی آنکھوں سے لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھیں گے۔ عوام نکلیں گے اور جلسہ گاہ پہنچیں گےلوگ آٹے کی لائنوں میں مر رہے ہیں۔ آج   عوام کو بتاؤں گا کہ حقیقت کیاہے؟‘‘
  انہوں نے مزید کہا ،’ ’میں حقیقی آزادی کے اپنے منصوبے پر روشنی ڈالوں گا اور اپنی قوم کو بتاؤں گاکہ ہم پاکستان کو تباہی کے اس دلدل سے کیسےنکالیں گے جس میں مجرموں کے اس گروہ نے ملک کو دھکیلا ہے۔ عوام کوجلسے میں شرکت سے روکنے کیلئے یہ مجرم ہرطرح کی رکاوٹ ڈالیں گے مگر میں سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک سیاسی اجتماع میں شرکت آپ کا بنیادی حق ہے، چنانچہ اپنا حق استعمال کیجئےاور لازماً مینارِ پاکستان کےاس تاریخی اجتماع میں شریک کریں۔‘‘
 پی ٹی آئی کے مصدقہ ٹویٹر اکا ؤنٹ کے  مطابق ریلی کا باقاعدہ آغاز سنیچر  سے  نماز تراویح کے بعد رات۹؍ بجے ہوا۔عمران خان نے۱۳؍ مارچ کو اعلان کیا تھا کہ مینار پاکستان پر۱۹؍ مارچ کو جلسہ کریں گے لیکن یہ جلسہ ۲۵؍ مارچ کی شب ہوا ۔ یاد رہےکہ  یہ وہی مقام ہے جہاں  پی ٹی آئی نے۲۰۱۳ء کے انتخابات کیلئے اپنی سیاسی طاقت کا زبردست مظاہرہ کیا تھا۔ 
 دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دیئے گئے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔اس  سلسلےمیں پنجاب کی نگراں حکومت کے وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ حفاظتی نقطۂ نظر سے کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
   جلسے  سےقبل پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نےلکھا ،’’وہ حقیقی آزادی جو جانور نیوٹرل ، جنرل باجوہ کی تاحیات ایکسٹنشن سے  لے کر شہباز شریف سے ہوتی ہوئی محسن نقوی اور امریکہ سے معافیوں تک پہنچی، آج حقیقی طور پر دفن ہو چکی ہے جس کا جنازہ آج رات مینارِ پاکستان میں پڑھا جائے گا۔فتنے ،فسادی  دہشت گرد سے حقیقی آزادی دلوانے کا وقت آ گیا ہے۔ مینارِ پاکستان میں فارن فنڈنگ،توشہ خانہ چوری اور ٹرین کو اپنانے پہ بھی روشنی ڈالیں،قوم کو بتائیں کہ چار سال مہنگائی ،بے روزگاری اور تباہی کی دلدل میں پاکستان کو دھنسایا،ملک کو لوٹا جس نے تباہی اور تقسیم کی دلدل میں ڈالا ہو وہ نکال نہیں سکتا وہ صرف فراڈیا اور دہشت گرد ہوتا ہے۔‘‘

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK