Updated: September 27, 2023, 1:06 PM IST
| New Delhi
وزیر داخلہ امیت شاہ نے شمالی زونل کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سرحدوں پر منشیات، ہتھیار اور گولہ بارود کی اسمگلنگ سرحد پر تعینات سیکوریٹی فورسیز کیلئے ایک اہم مسئلہ بن گئی ہے۔ مودی حکومت سرحد پر سیکوریٹی کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اس لئے بین الاقوامی سرحدوں پر ڈرون مخالف سسٹم ترتیب دیئے جائیں گے۔
وزیر داخلہ امیت شاہ۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ حفاظت کو مستحکم کرنے کیلئے بین الاقوامی سرحدوں پر ڈرون مخالف سسٹم ترتیب دیئے جائیں گے۔ انہوں نے نرتھ زونل کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، دہلی، جموں کشمیر لداخ اور چندی گڑھ کے کونسل کے ممبران سے یہ بھی کہا کہ وہ پانی کی منتقلی کے تعلق سے اپنے تنازعات کو کھلے دماغ اور باہمی گفتگو سے حل کرنے کی کوشش کریں ۔انہوں نے اس ضمن میں مزید کہا کہ مودی حکومت سرحد پرسیکوریٹی کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس حوالے سے جلد ہی ملک کی سرحدوں پر ڈرون مخالف سسٹم ترتیب دیئے جائیںگے۔ بین الاقوامی سرحدوں سے جموں کشمیر میں منشیات، گولہ بارود اور ہتھیاروں کی منتقلی سرحد پر موجود سیکوریٹی فورسیز کیلئے ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ مودی حکومت کے زیر قیادت حکومت نے منشیات اور دہشت گردی پر کریک ڈاؤن لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پچھلے ۵؍ سال میں زونل کونسل کا کردار مشاورتی نوعیت سے باعمل پلیٹ فارمز کی نوعیت میں تبدیل ہو گیا ہے۔ ملک کی ۲۱؍فیصد سرزمین کے حصے اور ۱۳؍ فیصد آبادی کے ساتھ مشرقی زونل کونسل ملک کی ترقی اور حفاظت کیلئے ایک اہم جگہ ہے۔ ۳۵؍ فیصد سے زیادہ اناج کی پیداوار مشرقی حصے میں ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرحد کی حفاظت کرنے والے سی اے پی ایف فورس کےاہکار اور فوج کیلئے زیادہ تر افسران مشرقی زونل کونسل کی ریاستوں اور یونین ٹریٹریز سے آتے ہیں۔ انہوں نے تمام رکن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا کہ وہ اجتماعی ترجیحی مسائل جیسے ملک میں کوآپریٹو موومنٹ، اسکول چھوڑنے والے بچوں کی شرح اور غذائیت کی کمی پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایک بچہ بھی خوراک سے محروم نہیں ہونا چاہئے۔ یہ سب کی ذمہ داری ہےکہ وہ اسکول چھوڑنے والے بچوں کی شرح میں کمی لانے کی کوشش کریں ۔ تعاون پر مبنی تحریک کو اہمیت دینے سے ملک کی ۶۰؍ کروڑ سے زیادہ آبادی کو خوشحالی کی جانب لے جانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ہماچل پردیش کے تعلق سے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہماچل پردیش میں پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کیلئے مرکز ریاستی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی مکمل کوشش کرے گا۔ ان مشکل کے حالات میں پورا ملک ریاست کے ساتھ کھڑا ہے۔