یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ کے تمام اسپتالوںمیں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام اسپتالوں نے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کئے۔
کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این
دیوالی کے موقع پر حادثات اور پٹاخوں سے جھلسنے والے مریضوں کے علاج کے لئےلکھنؤ کے تمام اسپتال مکمل طور پر تیار ہیں۔ ایمرجنسی اور برن یونٹ میں بستر مختص کر دیئے گئے ہیں۔
ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام اسپتالوں نے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کئے ہیں تاکہ کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری مدد مل سکے۔
کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ٹراما سینٹر میں ۴؍ بستر مخصوص کئےگئے ہیں۔ ٹراما کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پریم راج سنگھ نے بتایا کہ پٹاخوں سے زخمی ہونے والے مریضوں کے علاج کے لئے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔ پلاسٹک سرجری اور برن یونٹ کے ماہر ڈاکٹروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ آنکھ، ہڈی اور جلد کے ماہرین بھی موجود رہیں گے۔
لوہیا انسٹی ٹیوٹ کے ترجمان ڈاکٹر بھون چندر تیواری نے کہا کہ دیوالی پر ممکنہ حادثات سے نمٹنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
تمام سرکاری اسپتالوں بشمول بلرام پور، سول، لوک بندھو، رام ساگر مشرا، ٹھاکر گنج اسپتال اور بی آر ڈی میٹرو اسپتال کو الرٹ کیا گیا ہے۔ سی ایم او کنٹرول روم(۲۲۶۲۲۰۸۰-۰۵۲۲)اور کے جی ایم یو ٹراما سینٹر(۹۴۵۳۰۰۴۲۰۹) پر ضرورت پڑنے پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
سی ایم او ڈاکٹر این بی سنگھ نے بتایا کہ تمام سی ایچ سی اور پی ایچ سی میں بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایمرجنسی میں ڈاکٹروں اور صحت کارکنوں کی۲۴؍ گھنٹے ڈیوٹی ہوگی۔۱۰۸؍ اور۱۰۲؍ ایمبولینس سروسیز دیوالی پر مسلسل دستیاب رہیں گی اور ایمبولینسوں کو حادثات کے ممکنہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
اسی دوران کے جی ایم یو کی آنکھوں کی ماہر ڈاکٹر ارون شرما نے مشورہ دیا ہے کہ آنکھوں میں جلن ہونے پر ٹھنڈے پانی سے دھوئیں، آنکھیں نہ رگڑیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
اسی طرح ماہر امراض نسواں ڈاکٹر سجاتا دیو نے حاملہ خواتین کو پٹاخوں کے دھوئیں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ سانس میں مشکلات نہ ہوں اور جنین کو منفی اثرات سے بچایا جا سکے۔