Inquilab Logo

گوونڈی کے اسپتال کی عمارت وزیرصحت کی نظر کرم کی منتظر

Updated: October 01, 2023, 10:05 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

بنیادی سہولیات کا فقدان ،مقامی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی جانب سے وزیرصحت کو اسپتال میں لانے کی کوشش ، ۲۵؍ مرتبہ رابطہ کا دعویٰ۔

Large numbers of patients and caregivers outside the building. Photo: Inquilab
عمارت کے باہر بڑی تعداد میں مریض اور تیماردار۔ تصویر: انقلاب

یہاں شیواجی نگر میں گراؤنڈپلس۷؍ منزلہ  اسپتال تعمیرکیا گیا  لیکن اب تک اس کا باضابطہ آغاز نہیں ہوا۔ اس عمارت میں میٹر نیٹی ہوم چل رہا ہے اور آپلا دواخانہ جاری ہے۔ سنیچر کی انقلاب نے صبح ۱۰؍ بجے اس عمارت میں قائم  میٹر نیٹی ہوم کا دورہ کیا۔
نمائندہ ٔ انقلاب نے وہاں قطار میں کھڑے پیپر بنانے والوں سے بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ ’’یہاں پر اسپتال میں دکھانے کیلئے یا پیپر بنانے کیلئے پیسے نہیں لگتے ہیں۔ طبی جانچ کیلئے آنے والی خواتین میں زیادہ تر عورتیں زچگی کیلئے آئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر زچگی کے کیس سائن اسپتال اور شتابدی اسپتال میں بھیج دیئے جاتے ہیں۔ فی الحال شیواجی نگر میٹر نیٹی ہوم میں زچگی کیلئے ۶؍ خواتین  ہی داخل ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ ‘‘
علاقے کے سابق کارپوریٹر عرفان خان نے نمائندۂ انقلاب کو اسپتال کے گراؤنڈ فلور سے لے کر پانچویں منزلے تک کی ایک ایک چیز  نہ صرف دکھائی بلکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کہاں پر کس کا انتظام کیا گیا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ’’ کووڈ ۔۱۹؍ کے بعد اسپتال کی بہت ساری چیزیں چوری ہوگئی تھیں اور اس سلسلے میں  پولیس اسٹیشن میں چوری کی شکایت بھی درج کرائی گئی تھی لیکن حکومت مہاراشٹر کی لاپروائی کے نتیجے میں اس طرف دھیان نہیں دیا جارہا ہے جبکہ اس کام کیلئے مقامی ایم ایل اے ابوعاصم اعظمی ہیلتھ منسٹر سے ملاقات کیلئے بار بار وقت مانگ رہے ہیں لیکن ان کے پاس شاید اقلیتوں کیلئے ابھی تک وقت نہیں ہے۔ ‘‘
انقلاب نے مقامی ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ’’ہم روزانہ  وزیر صحت سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ شیواجی نگر میٹر نیٹی ہوم آئیں اور اس  کا جائزہ لیں اور جلدا ز جلد اس ۷؍ منزلہ عمارت کو کارآمد بنائیں۔ اب تک ہم ان سے ۲۵؍  سے زائد  بار اس کی درخواست کرچکے ہیں لیکن ان کے پاس  وقت نہیں ہے  جبکہ وہ یہاں کا دورہ کرتے رہتےہیں۔ ہم نے کم سے کم ۱۰؍ مرتبہ اسمبلی میں اس مسئلے کو اٹھایا ہے۔شتابدی اسپتال کو ہم میڈیکل کالج بنانے جارہے ہیں۔ میڈیکل کالج منظور ہوچکا ہے۔ البتہ ابھی تک اس میں کام شروع نہیں ہوا ہے۔‘‘
 اسپتال میں فی الحال بہت سی سہولتیں نہیں ہیں اور ان کی فوری ضرورت ہے۔ اس میں این آئی سی یو سینٹر اور آپریشن تھیٹر  فوری طور پر شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں اسپتالوں کی انچارج  دکشا شاہ سے بھی  رابطہ کیاگیا تو ان کا کہناتھا  ،’’ شام میں ۶؍بجے فون کریں تو ہم بات چیت کریں گے۔‘‘ شیواجی نگر اسپتال کی انچارج اے ایم او ویپالی پلسیکر نے بتایا کہ’’ گراؤنڈ فلور پر آپلا دواخانہ ٹرسٹ ہے۔ دوسرے منزلے پر او پی ڈی ، سونوگرافی ، لیب فلور ، ہیلتھ پوسٹ ، اے ایم او آفس ، کلرک آفس اور آپریشن تھیٹرو غیرہ شامل ہیں۔ پانچویں منزلے پرزچگی کے کل ۵۰؍  بیڈ ہیں لیکن اس میں فی الحال ۶؍ خواتین زیر علاج ہیں۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ’’زچگی کیلئے آنے والی خواتین کو سمجھا بجھا کراسپتال میں داخل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن زیادہ تر خاتون راضی نہیں ہوتیں اور وہ  ڈاکٹروں کو کسی نہ کسی بہانےگھر  لے جانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK