Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ہاسپٹل آن وہیل‘ ممبئی سے روانہ،آج یو پی کے ترکی اسٹیشن پہنچے گی

Updated: October 01, 2023, 10:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan | CSMT

سی ایس ایم ٹی سے روانگی کے وقت جنرل منیجرنے کہا:اس ٹرین کابنیادی مقصد دیہی علاقوں میںعلاج معالجے کی سہولت مہیا کراناہے۔

Lifeline Express also has modern equipment and operation theaters for the treatment of patients.Photo. INN
لائف لائن ایکسپریس میں مریضوں کے علاج کےلئے جدیدآلات اور آپریشن تھیٹرز بھی ہیں۔ تصویر:آئی این این

’ہاسپٹل آن وہیل‘ (پہیے پر اسپتال )جسے لائف لائن ایکسپریس کانام دیا گیا ہے ، چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس سے روانہ ہونے کے بعدآج دین دیال اپادھیائے نگر(یوپی ) کےتُرکی اسٹیشن پہنچے گی۔یہا ںاس ٹرین کےذریعے غریبوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ ۷؍ڈبے کی اس ٹرین میںآپریشن تھیٹر اورمختلف امراض کے علاج کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ 
سی ایس ایم ٹی پر اس ٹرین کو مینٹیننس کی غرض سے لایا گیا تھا ،اس کے بعد طے شدہ روٹ کے مطابق اسے یوپی کیلئے روانہ کیا گیا جہاں آج سے ٹرین میںموجود ڈاکٹرو ںکی ٹیم  غریب مریضوں کا علاج شروع کرے گی۔ 
لائف لائن ایکسپریس کے شروع کئے جانے کابنیادی مقصد یہ ہےکہ ملک کے اُن دور درازعلاقوں میں جہاں طبی سہولتوں کا فقدان ہے اورعلاج معالجہ غریب مریضوں کیلئے  ایک مشکل مرحلہ ہے ان کوراحت پہنچائی جائے۔ممبئی  سے ٹرین کو یوپی روانہ کرنے کے وقت امپیکٹ انڈیا فاؤنڈیشن کی منیجنگ ٹرسٹی پروفیسر ڈاکٹر روہنی چوگلے ،انڈین آئل کارپوریشن کے جنرل منیجر ((ایچ آر)گوتم دتا اور سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجرنریش لالوانی اوردیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
ٹرین کے آغازاورخدمات پرایک نظر
یہ ٹرین امپیکٹ انڈیا کے اشتراک سے حکومتِ ہند کی جانب سے۱۶؍جولائی ۱۹۹۱ء کو شروع کی گئی تھی ۔اس میں۷؍ ڈبے ہیں۔ اس ٹرین کی مدد سے اب تک ۱۹؍ ریاستوں کے ۱۳۸؍ اضلاع کے ۲۰۱؍ گاؤں کے مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے ۔ مجموعی طورپر۱۲؍ لاکھ ۳۲؍ہزار مریضوں نے اس سے استفادہ کیا ہے۔ مختلف امراض کا شکار ایک لاکھ ۴۶؍ہزار مریضوں کا آپریشن کیا جاچکا ہے۔ 
حسبِ ضرورت ٹرین کوروکاجاتا ہے 
سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجرنریش لالوانی نے بتایا کہ ’’حسبِ ضرورت اس ٹرین کو مختلف علاقوں میں لے جایا جاتا ہے ۔اس کے لئے پہلے سے شیڈیول بنایا جاتا ہے اوریہ کوشش کی جاتی ہے کہ جس علاقے میںیہ ٹرین جائے وہاں زیادہ سے زیادہ مریض اس سے فائدہ اٹھائیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’اس کے ذریعے مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ٹرین میں جدید آلات ،آپریشن تھیٹراور مختلف امراض کا شکار مریضوں کیلئے بہترین نظم کیا گیا ہے ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK