Inquilab Logo

کملا بلڈنگ کے زخمیوں کو داخل نہ کرنے کا  اسپتالوں پر الزام

Updated: January 23, 2022, 9:58 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اگر زخمیوں کو فوراً داخل کر لیا جاتا تو اموات کم ہوتیں: اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس ۔ میئر نے کہا کہ اس تعلق سے جانچ کی جارہی ہے

Mumbai Mayor Kishori Pednikar (right) visited the crash site
ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر (دائیں)نے جائے حادثہ کا دورہ کیا

  تاردیو میں کثیر منزلہ کملا بلڈنگ آتشزدگی سانحہ میں ایک افسوسناک پہلو سامنے آیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق آتشزدگی کے سبب زخمی ہونے والے افراد کو جب قریبی اسپتال لے جایا گیا تو ان اسپتالوں نے زخمیوں کو داخل کرنے سے انکار کر دیا۔مقامی شہریوں کا الزام ہے کے اسپتال انتظامیہ زخمیوں کو داخل کرنے کیلئے روپے بھرنے اور کووڈ ۱۹؍ کی ٹیسٹ رپورٹ کا مطالبہ کر رہے تھے۔زخمیوں کو داخل کرنے سے انکار کرنے والے اسپتالوں میں ممبئی سینٹرل میں واقع ووکہارٹ،  ریلائنس اور بائیکلہ میں واقع مسینا اسپتال شامل ہیں۔مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے اسپتالوں کے ا س غیر ذمہ دارانہ رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  دوسری جانب جائے حادثہ کا دورہ کرنے والی ممبئی کی مئیر کشوری پیڈنیکر نے اسپتالوں کے خلاف شکایت ملنے کی تصدیق کی ہے اور متعلقہ اسپتالوں سے جواب طلب کیا ہے اور اسی کے مطابق آگے کی کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔
  واضح رہے کہ سنیچر کی صبح ساڑھے ۷؍بجے تاردیو (ممبئی سینٹرل)علاقے میں واقع ۲۰؍ منزلہ عمارت کملا بلڈنگ کے ۱۸؍ ویں منزلہ پر آگ لگ گئی تھی۔  اس حادثہ میں۲۳؍ افراد زخمی جبکہ ۶؍ افراد ہلاک بتائے گئے ہیں۔
  اس ضمن میں کملا بلڈنگ( سچنم ہائٹس) کے مکینوں نے بتایا کہ آتشزدگی میں کچھ زخمیو ں کو جب قریبی اسپتال پہنچایا گیا تو اسپتالوں نے روپے کا مطالبہ کیا اور کووڈ ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں داخل کرنے سے انکار کر دیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ممبئی سینٹرل میں ووکہارٹ، ریلائنس اور بائیکلہ میں مسینا اسپتال نے مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کردیا تھا۔بعد ازیں  زخمیوں کو نائر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے:اپوزیشن لیڈر 
 اس ضمن میں قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے کہاکہ ’’مَیں ممبئی آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ تاہم مجھے ایسی شکایتیں ملی ہیں کہ مقامی اسپتالوں نے مبینہ طور  پر زخمیوں کو داخل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر یہ سچ ہے تو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)اور ریاستی حکومت کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔ ‘‘فرنویس نے کہا ہے کہ اس کے تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔اگر اسپتال انتظامیہ مریضوں کا داخل کر لیتا تو شاید اتنی اموات نہ ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK