Inquilab Logo

وڈالا میں مکان اور دکان منہدم ،۹؍ افراد زخمی

Updated: November 10, 2021, 10:13 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

تعمیراتی کام کے دوران دکان اور مکان تاش کے پتوں کی طرح بغل کے مکانوں اور دکانوں پر گر گیا،زخمیوں کا علاج سائن اسپتال میں جاری

The house and shop were completely destroyed while fire brigade personnel rescued a child trapped in the house.
مکان اور دکان پوری طرح تباہ ہوگئے جبکہ فائر بریگیڈ اہلکار مکان میں پھنسے ایک بچے کو نکالتے ہوئے۔

یہاں ایک دکان میں تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک دکان منہدم ہوگئی جس کی وجہ سے دکان کے اوپر واقع مکان بھی زمین بوس ہوگیا۔ دکان اور مکان کا ملبہ بغل میں واقع دیگر گراؤنڈ پلس ٹومکان پر گرا جس کی وجہ سے ان میں رہائش پذیر۹؍افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سائن اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے ۔ متاثرین میں ایک ہی گھر کے کئی افراد شامل ہیں ۔ جائے وقوعہ  پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی جانب سے ملبے کی صفائی  جاری ہے  ۔ پولیس نے منہدم ہونے والی دکانوں کے مالک اور متاثرین سے حادثہ کے بارے میں  پوچھ تاچھ شروع کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دکان اور مکان کے مالک کے خلاف لاپروائی کا معاملہ درج کیا جائے گا ۔
 ممبئی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے نمائندہ ٔ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سائن کولی واڑہ کوکری آگار کے جے مہاراشٹر نگر جھوپڑپٹی میں گنپتی مندر چرچ گلی میں بپن بھانو شالی کی نمک کی  ایک دکان گراؤنڈ پلس ون تھی ۔جبکہ اس کے دونوں جانب ۲؍ دکانیں گراؤنڈ پلس ٹو تھیں ۔ تینوں دکانوں کے اوپر   بنائے گئے مکانات میںکرائے پر کئی خاندان کے لوگ رہتے تھے ۔  
 فائر بریگیڈ کے افسرنے بتایا کہ تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ اتوار سے ایک  دکان میں مرمت کا کام چل رہا تھا ۔ منگل کو بھی اس دکان میں  کام شروع ہونے والا تھا لیکن صبح تقریباً ۸؍بجے اچانک نمک والی دکان ڈھہ جانے سے بغل کی دونوں دکانیں اور ان کے اوپرکے   مکان  تاش کے پتّے کی طرح بکھر گئے ۔ ان کمروں میں رہنے والے ۹؍ افراد  زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر علاج کیلئے سائن اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ 
 جائےحادثہ کے تعلق  سے   ایک مقامی شخص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حادثہ سے ۲؍ دنوں قبل گرنے والی  دکانوں کے درمیان کی ایک دکان کی مرمت ہورہی تھی۔   دکان کی زمین کھودنے کیلئے ہیمر مشین کا استعمال کیا گیا تھا  اور کسی قسم کا کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کیا گیا تھا۔ جس زمین پر دکانیں اور مکانات بنے ہوئے ہیں وہاں کی زمین  ٹھیک نہیں ہے۔  زمین سخت نہ ہونے کی وجہ سے جب آس پاس سے کوئی بڑی گاڑی گزرتی تو مکانوں میں  جنبش پیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جس لوہے کے اینگل پر دکانیں گراؤنڈ پلس ٹو بنائے گئی ہیں   وہ مضبوطی کے لحاظ سے اتنے طاقتور نہیںتھے جن پر ۲؍ منزلہ مکان تعمیر ہو سکے اور گھریلو سامان وغیرہ  کے بوجھ برداشت کرسکے ۔ یہی وجہ ہے کہ منگل کی صبح ایک دکان کے گرنے سے بغل کی دکانیں  اور مکانات اس کی زد میں آکر زمین بوس ہوگئیں ۔
  جائے حادثہ کے قریب رہنے والے عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ زوردار آواز سن کر ہم لوگ گھروں سے نکل پڑے اور جب وہاں پہنچے تو اس وقت تینوں دکانوں اور ان کے اوپر کے  مکانات کا ملبہ وہاں پر بکھرا ہوا نظر آیا ۔ ملبے میں کل ۹؍  افراد پھنسے ہوئے تھے جنہیں مقامی افراد کی مدد سے باہر نکالا گیا ۔ زخمی ہونے والوں میں  ایک ہی گھر کے ۳؍ افراد شامل ہیں ۔
زخمیوں میں۳؍بچے بھی شامل
  اس سلسلے میں جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں ۴؍ مرد اور ۲؍ خواتین کے علاوہ ۳؍بچے شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق سریندر کرشنا مشرا (۵۹)،آنند سریندر مشرا ( ۲۴) ،پونم شرما (۲۸)، نلیش شرما (۴۰)، ریتا شرما (۴۵)، ملن شرما (۱۷) اور مزید۳؍بچے زخمی ہوئے ہیں ۔انھیں علاج کیلئے سائن اسپتال میںداخل کیا گیا ہے ۔ بقول پولیس ا اس بات کی  جانچ کی جارہی ہے کہ یہ حادثہ کن افراد کی لاپروائی  سے پیش آیا ہے۔   

wadala Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK