ضلع ایوت محل میں ۴۵؍ افراد پانی میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ، ناندیڑ میں گھروں میں پانی بھر جانے کےسبب لوگوں کو اسکولوں میں منتقل کیا گیا
EPAPER
Updated: July 23, 2023, 10:19 AM IST | nanded
ضلع ایوت محل میں ۴۵؍ افراد پانی میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ، ناندیڑ میں گھروں میں پانی بھر جانے کےسبب لوگوں کو اسکولوں میں منتقل کیا گیا
ودربھ کے ضلع ایوت محل میں جمعہ کی رات سے زوردار بار ش ہو رہی ہے۔ یہاں بادل بھی گرج رہے ہیں اور بجلی بھی چمک رہی ہے۔ ایسی صورت میں ہر جگہ پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔ حتیٰ کہ ۵۰؍ تا ۶۰؍ مکانات پوری طرح پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ بارش سے بچنے کیلئے لوگوں کو یا تو مکان کی چھتوں پر چڑھناپڑا ہے یا پھر درختوں پر سہارا لینا پڑا ہے۔ یہاںعجیب بے چارگی کا عالم ہے۔
اطلاع کے مطابق ایوت محل کے مہاگائوں تعلقے میں واقع آنند نگر میں ندی نالے بھر جانے کے سبب گائوں میں پانی گھس آیا۔بارش ہے کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی ایسی صورت میںگھروں میں گھس آئے پانی کی وجہ سے گھر میں رکھا ہوا سارا سامان تو خراب ہو ہی گیا ، ایک وقت ایسا آیا کہ مکینوں کو اپنے اپنے گھر سے نکل کر کسی اور جگہ پر سہارا ڈھونڈنا پڑا۔ ایسی صورت میں ۴۵؍ افراد کسی طرح اپنے آپ کو بچائے ہوئے اس پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایس ڈی آر ایف کی ۲؍ ٹیموں کو ان لوگوں کی مدد کیلئے تیار کیا گیا ہے لیکن وہاں تک پہنچنے کا کوئی مناسب راستہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ دوپہر بعد نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ٹویٹرپر اعلان کیا کہ ان ۴۵؍ افراد کو بچانے کیلئے ہلی کاپٹر روانہ کئے گئے ہیں۔
فرنویس نے لکھا ہے کہ ’’ہم مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں انڈین ایئر فورس کے ۲؍ ہیلی کاپٹر ان ۴۵؍ افراد کو نکالنے کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ ‘‘ آگے انہوں نے لکھا ہے کہ ہمارے رفیق کار مدن بھائویراوار مسلسل رابطے میں ہیں اور میں وہاں کی خبر لے رہا ہوں۔ ‘‘ اس کے بعد کئی ساڑھے ۴؍ بجے ہیلی کاپٹر مہاگائوں پہنچا اور ایس ڈی آر ایف نے اپنا آپریشن شروع کیا۔
خبر لکھے جانے تک اس بات کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی کہ ان ۴۵؍ افراد میں سے کتنے افراد کو باہر نکالنے میں کامیابی ملی ہے لیکن ایوت محل میں دیہی علاقوںکے علاوہ شہری بستیوں میں بھی پانی ہی پانی تھا۔ گھروں میں پانی دکھائی دے رہا تھا تو گلیوں میں بھی ندیوں جیسا منظر دکھائی دے رہا تھا۔
ناندیڑ میں لوگوں کو اسکولوں میں منتقل کیا گیا
ناندیڑ ضلع میں جاری زوردار بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔یہاں جمعہ کی رات کنوٹ اور ماہور کے مقام پر موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے پین گنگا ندی میں سیلاب آگیا ۔ندی کنارے تمام بستیوںمیں پانی بھر گیا۔کنوٹ کے دھانوڑا کے مقام پر ندی کا پانی پل کے اوپر سے بہنے لگاہے جسکی وجہ سے اس پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔اسی طرح ماہور کے ٹاکڑی نامی گاؤں میں کئی لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے تھے انہیں باہر نکالنے کیلئے انتظامیہ نے ٹیمیں روانہ کی ہیں ۔اسکے علاوہ کنوٹ کے مومن پورہ علاقے میں بارش کا پانی مکانوں میں داخل ہوگیا ہے جسکی وجہ سے انتظامیہ نے ۸۰؍لوگوں کو قریب کے ایک اسکول میں منتقل کیا ہے ۔تحصیلدار اور راحت رسانی کی ٹیمیں وہاں پہنچی اور ان کے کھانے پینے کا انتظام کیا۔حدگاؤں تعلقہ کے واکی گاؤںکی سڑک پر بنے پل میں کچرا اٹک گیا جسکی وجہ سے ندی کا پانی سڑک کے اوپر سے بہنے لگا اس کچرے کو جے سی بی مشین سے ہٹایا گیا اور راستہ کو کھولا گیا۔دھرم آباد تعلقہ کے بناڑی گاؤں میں سیلابی صورتحال بن گئی ہے حدگاؤں تعلقہ کے موضع نیوری میں مکانوں میں بارش کا پانی گھس آیاہے جس کی وجہ سے گھروں میں اناج خرا ب ہوگیا ۔ یہاں بھی متاثرہ لوگوںکو ایک اسکول میں منتقل کیا گیا ہے اورا ن کے لئے طعام وقیام کا انتظام کیا جارہاہے ۔
امراوتی میں ۳؍ لوگ سیلاب میں بہہ گئے
ا س دوران ودربھ کے ضلع امراوتی میں مسلسل بارش کی وجہ سے چاندور بازار، وروڈ، مورشی، دھامن گاؤں ریلوے تعلقہ وغیرہ میںپانی بھر گیا ہے اور پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ۳؍ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ دھامن گاؤں ریلوے تعلقہ کے جلکا پٹاچے گاؤں کا ایک کسان پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا اس کا نام امیش ماروتی (۳۴) تھا۔ جبکہ مورشی تعلقہ میں ماڑو ندی میں بہہ جانے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی، اس کا تعلق مدھیہ پردیش کے سرحدی علاقے سے تھا۔ جبکہ چاندور بازار تعلقہ کے شیرجگاوں بنڈ کا میں ایک نوجوان پورویشن(۲۰) نالے میں بہہ کر ہلاک ہوگیا۔ پڑوس کے ضلع بلڈانہ میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے جسکی وجہ سے یہاں کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جبکہ بعض گائوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک یہاں سے کسی جانی نقصان کی خبر نہیں آئی تھی۔