ایم پی بجرنگ سوناؤنے نے بارامتی طیارہ حادثے پر شبہ کا اظہار کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 11:53 PM IST | Beed
ایم پی بجرنگ سوناؤنے نے بارامتی طیارہ حادثے پر شبہ کا اظہار کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے کا مطالبہ
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کے رکن پارلیمنٹ بجرنگ سوناؤنے نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ۲۸؍ جنوری کو پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، اسلئے سچائی سامنے لانے کے لیے اجیت دادا کے گھر سے روانگی سے لے کر طیارے میں سوار ہونے تک کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج عوام کے سامنے پیش کی جانی چاہیے۔
صحافیوں سے بات چیت کے دوران بجرنگ سوناؤنے نے سوال قائم کیا کہ پہلے کہا گیا کہ طیارے میں ۶؍ افراد سوار تھے تو پھر ۵؍ لاشیں ہی کیوں برآمد ہوئیں؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اس پہلو کی بھی جانچ ہونی چاہیے کہ کہیں طیارے میں بم تو موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق اس دن صبح سے لے کر حادثے تک کی مکمل سی سی ٹی وی ریکارڈنگ جاری کی جائے اور پائلٹ کی شناخت و کردار کی بھی تفتیش کی جائے۔ انہوں نے سماجی کارکن انجلی دمانیا کی جانب سے قائم کئے گئے سوالات کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔سوناؤنے نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی سیاسی تربیت میں اجیت پوار کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔ وہ۱۹۹۹ء میں ان کے رابطے میں آئے اور انہیں اپنا سیاسی سرپرست قرار دیا۔ان کے مطابق آج پورا مہاراشٹر اور ملک صدمے میں ہے اور اسے وہ تقدیر کا کھیل قرار دیتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ یڈیشوری کارخانہ علاقے میں اجیت پوار کی یاد میں ایک عظیم الشان یادگار تعمیر کی جائے گی ۔ سوناؤنے نے یہ بھی کہا کہ بیڑ ضلع کی ترقی کا وقت آیا تھا لیکن اسی دوران اجیت پوار کا انتقال ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سیاست پر گفتگو کا موقع نہیں ہے کیونکہ دس دن کا سوگ منایا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شرد پوار پارٹی کے سربراہ تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ بیڑضلع کی آئندہ ترقی کے حوالے سے بھی انہوں نے غیر یقینی صورتحال کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔