Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجیت پوار طیارہ حادثہ کی۲؍ وجوہات سامنے آئیں

Updated: February 06, 2026, 7:07 AM IST | Baramati

ابتدائی رپورٹ کے مطابق رن وے پرحد نگاہ کم ہونےکے باوجود لینڈنگ کال لیاگیا اورطیارہ میں تکنیکی خرابی بھی آگئی تھی، اس دوران وی ایس آر کمپنی کے آڈٹ کی ہدایت ڈی جی سی اے کی جانب سے دی گئی ہے،حادثہ کے بعد پرائیویٹ کمپنیوںکے صارفین کی تشویش میں اضافہ

Five people, including Ajit Pawar, were killed in a plane crash in Baramati last week. File photo
بارامتی میں پچھلے ہفتے ہوئے طیارہ حادثے میں اجیت پوار سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔فائل فوٹو

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار کی گزشتہ ہفتے طیارہ حادثہ میںہوئی موت کی تحقیقات جاری ہے۔ذرائع کے مطابق بارامتی ایئرپورٹ پر طیارہ  حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق حادثے کی ۲؍ وجوہات سامنے آئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رن وے پرحد نگاہ کم ہونےکے باوجود لینڈنگ کال لیاگیا اورطیارہ میں تکنیکی خرابی بھی آگئی تھی ۔یہ دونوں باتیں تحقیقات کے دوران سامنے آئی ہیں۔ بلیک باکس کا ڈیٹا بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔ مکمل تحقیقاتی رپورٹ ڈیٹا کی وصولی کے بعد جاری کی جائے گی۔
 واضح رہے کہ اجیت پوار کا چارٹرڈ طیارہ پونے ضلع کے بارامتی ہوائی اڈے پر۲۸؍ جنوری کو صبح۴۵:۸؍کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں اجیت پوار سمیت پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔ اجیت پوار صبح ممبئی سے بارامتی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ یہ وی ایس آرکمپنی کا پرائیویٹ طیارہ تھا۔ اجیت پوار لیئر جیٹ ۴۵؍ نامی طیارے میں سفر کررہے تھے جو بارامتی میں لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔وہ انتخابی مہم کے لیے بارامتی جا رہے تھے۔
 واضح رہےکہ بارامتی بھی ان کا آبائی حلقہ ہے۔ اجیت پوار کی آخری رسوم پورے ریاستی اعزاز کے ساتھ بارامتی، پونے ضلع کے ودیا پرتشٹھان کے میدان میں ادا کی گئی تھیں۔ ان کی موت کے بعد، ان کی اہلیہ سونیترا پوار نے گزشتہ سنیچر کو مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ حکمراں مہایوتی مخلوط حکومت کی اتحادی این سی پی نے سونیترا پوار کو اپنی قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کیا تھا۔
و ی ایس آر کے آڈٹ کی ہدایت 
 واضح رہے کہ گزشتہ دنوںڈائریکٹریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) وی ایس آر ونچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے آڈٹ کی ہدایت دی تھی ۔ڈی جی سی اے نے اپنے نوٹس میںوی ایس آ رکمپنی کو۱۵؍ فروری تک آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہےاور بارا متی حادثہ کا بھی خصوصی ذکر کیا ہے۔سینئرسرکاری حکام نےمیڈیا کو بتایاتھا کہ آڈٹ میںدیکھا جائے گا طیارہ کی دیکھ بھال اورپرواز میںکیا خامیاں تھیں۔وی ایس آر کو فلائٹ آپریشنز کے تعلق سے لاپروائی برتنے کے  حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔
نجی پرواز کمپنیو ں سے متعلق صارفین کوتشویش 
 ۲۸؍ جنوری کو ہوئے طیارہ حادثہ میںاجیت پوار کی موت کے بعدنجی پرواز کمپنیوںسے متعلق صارفین کی تشویش میں اضافہ ہواہے۔ایوی ایشن کمپنیوں کا کہنا ہےکہ صارفین ان سے فلائٹ  اور طیارہ بک کرنے کیلئے طرح طرح کے سوالات پوچھ رہے ہیںجن میں زیادہ تر خلاف معمول اورتکنیکی ہیں۔
 ٹائمس آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی حکام کا کہنا ہے صارفین ان سے طیارہ کی مینوفیکچرنگ تاریخ سےلےکرپائلٹ کے لائسنس سے متعلق سوالات پوچھ رہے ہیں۔یہ بھی پوچھا جارہا ہےکہ پائلٹ کو کتنے گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے،ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ایئر پورٹ یا ہیلی پیڈ کون سا ہوگا ۔ حکام کے مطابق صارفین یہ مطالبہ بھی کررہے ہیںپرواز سے پہلے طیارہ کی جانچ ان کے سامنے کی جائے۔ کائیگو ایوی ایشن کےمنیجنگ ڈائریکٹر ایشور چندرگلگلے نے تصدیق کی کہ صارفین کی جانب سے اس طرح کے سوالات مسلسل آرہے ہیں۔بہت سوالات پہلے بھی پوچھے جاتے جارہے ہیںلیکن مذکورہ حادثہ کے بعدصارفین کئی طرح کے شبہات کا اظہار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم انہیںتحمل سےجواب دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک دوسری کمپنی کے نمائندہ نے کہا کہ کچھ صارفین اچانک ایسا مطالبہ بھی کررہے ہیںکہ پرواز سے پہلے پائلٹ ان کے سامنے طیارہ کی جانچ کرے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پرواز سے پہلے پائلٹ طیارہ کو اچھی طرح چیک کرتا ہے اوراس کے بعد فیصلہ کرتا ہےکہ اڑان بھرنی ہے یا نہیں۔موسم کی صورتحال بھی دیکھی جاتی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK