• Mon, 01 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع

Updated: December 01, 2025, 10:28 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

اس کے باوجود لاکھوں گاڑیوںمیں ایک مہینے میں یہ نمبر پلیٹ لگانا ممکن نہیں۔ رجسٹریشن کے بعد۲۰؍ دن یا اس سے زیادہ دن کے بعد نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخ دی جاتی ہے

More than 3 lakh vehicle owners have not yet applied for HSRP number plates. Photo: INN
ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگانے کیلئے۳؍ لاکھ سے زائد گاڑی والوں نے اب تک درخواست نہیں دی ہے۔ تصویر:آئی این این
اپریل ۲۰۱۹ء اور اس سے قبل رجسٹریشن کی گئی دو، تین اور چار پہیہ گاڑیوں میں ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ ( ایچ ایس آر پی ) نمبر لگانے کی چوتھی مرتبہ  دی گئی مہلت  اتوار ۳۰؍ نومبر کوختم ہوگئی  لیکن اب بھی   کروڑوںگاڑیوں کے مالکان نے   یہ نمبر پلیٹ لگانے کی درخواست تک نہیں دی ہے ۔ اس کے پیش نظر ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخ میں ۳۱؍ دسمبر تک توسیع کر دی ہے جس سے گاڑی والوں کو راحت ملی ہے۔  قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ   ۵؍ مرتبہ تاریخ میں توسیع   کے باوجود جن لوگوں نے نمبر پلیٹ لگانے کی درخواستیں دی تھیں ، ایسے لاکھوں گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو ۳۰؍ نومبر کے بعد ہی نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخ دی گئی ہے یعنی درخواستیں دینے کے باوجود سینٹروں کی کمی کے سبب طے شدہ تاریخ میں نمبر پلیٹ لگا کر نہیں دی جاسکی ہے ۔ ہر چند کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نےایک بار پھر تاریخ میں  توسیع تو کر دی ہے لیکن جن ۶۰؍ فیصد گاڑی مالکان اور ڈرائیورں نے رجسٹریشن کی درخواست نہیں دی ہے ، اگر وہ درخواست دے بھی دیتے ہیں تو انہیں ۲۰؍ دن یا پھر ایک سے ڈیڑھ ماہ کے بعد ہی کی تاریخ دی جائے گی ۔ 
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اب تک رجسٹریشن کی جانے والی ۲، ۳؍اور ۴؍ پہیہ گاڑیوں  کے رجسٹریشن مکمل ہونے ، رجسٹریشن کی درخواست دینے اور اب تک رجسٹریشن کی درخواست نہ دینے سے متعلق جو اعداد شمار فراہم کئے ہیں ، وہ بھی حیرت انگیز ہیں۔ دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریاستی سطح پر ۲؍کرور ۴۳؍ لاکھ ۵؍ ہزار ۸۳۲؍ گاڑیاں ایسی ہیں جو اپریل ۲۰۱۹ء یا اس سے قبل کی ہیں ۔ ان میں سے مارچ ۲۰۲۵ء سے ۳۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء تک ۴۷؍ لاکھ ۲۳؍ ہزار ۲۶۰؍ گاڑیاں رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں ۔   ۳۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء تک ۸۷؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار ۸۱۲؍ گاڑیاں جنہوںنے رجسٹریشن کیلئے درخواست دی ہیں ، ان   میں نمبر پلیٹ لگانے کا عمل جاری ہے ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق اب بھی ایک کروڑ ۸؍ لاکھ ۸۶؍ ہزار ۷۶۰؍ گاڑیوں کا رجسٹریشن ہونا باقی ہے ۔  ممبئی کی سطح پر آرٹی اوکے فراہم کردہ اعداد شمار کے مطابق شہرو مضافات میں کل ۵؍ لاکھ ۳۹؍ ہزار گاڑیوں کا رجسٹریشن ہونا لازمی ہے جن میں سے ایک لاکھ ۴۶؍ ہزار ۱۲۵؍ گاڑیوں میں رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگا دی گئی ہے ۔تاہم کئی ہزار گاڑیوں کے رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کے اعدادو شمار ترتیب نہیں دیئے جاسکے ہیں ۔
  اپنی ۲؍ کار اور ۲؍ موٹر بائیک کا رجسٹریشن کرانے والے عمار انصاری نے کہا کہ انہوںنے ۷؍ اکتوبر کو رجسٹریشن کرانے کی درخواست دی تھی جبکہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ بعد ۲۷؍ نومبر کو ان کی گاڑیوں میں ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگائی گئی ۔   ایک کالج میں ملازمت کرنے والے شہزار انور نے بتایا کہ انہوں نے ۲۳؍ نومبر کو رجسٹریشن کی درخواست دی تھی جبکہ انہیں ۸؍ دسمبر کو نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخ دی گئی ہے ۔
    اگر ۶۰؍ فیصد گاڑی  والوں نے درخواست دے بھی دی تو ۳۱؍ دسمبر تک تمام گاڑیوں میں ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نصب کرناممکن نہیں ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK